Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz
Last Updated on: 30 June 2025 12:27 AM

عتیق الزماں

پٹنہ: امارت شرعیہ کی قیادت میں 29 جون 2025 کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ “وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس” نے ملک گیر سطح پر وقف قانون کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیا۔ لاکھوں افراد کے جم غفیر نے اس قانون کو یکسر غیر آئینی، اقلیت دشمن اور دستورِ ہند کے آرٹیکل 13، 14، 25، 26 اور 300-کے منافی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جب تک حکومت اس کالا قانون واپس نہیں لیتی، یہ تحریک جاری رہے گی۔

حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام شرکاء سے عہد لیا کہ وہ اس قانون کے خلاف پرامن جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی میدان میں جمع ہونے والا یہ انسانی سیلاب حکومت کو پیغام دے رہا ہے کہ ملت متحد ہو تو باطل قانون کو واپس لینے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔

کانفرنس میں شریک مقررین، جن میں سابق وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش جناب دِیگ وجے سنگھ، تجسوی یادو، سلمان خورشید، پپو یادو، طارق انور، اور عمران پرتاب گڑھی سمیت کئی اراکین پارلیمان، آئینی ماہرین اور ملی قائدین شامل تھے، نے اس قانون کو جمہوریت کے خلاف اور اقلیتوں کے قانونی و مذہبی حقوق پر حملہ قرار دیا۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، جمعیت علمائے ہند، جماعت اسلامی ہند اور دیگر ملی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے سیکولر اور جمہوری ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی، قاضی شریعت مولانا انظار عالم قاسمی، اور دیگر اکابرین نے اعلان کیا کہ ملت ہر قربانی کے لیے تیار ہے اور وقف ایکٹ کی واپسی تک خاموش نہیں بیٹھے گی۔

خواتین رہنماؤں، سماجی کارکنان، نوجوانان ملت، اور علماء و مشائخ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کا اختتام حضرت امیر شریعت کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔


امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت مولانامحمد شمشاد رحمانی نے کہا کہ جب تک یہ قانون واپس نہیں لے لیا جاتا اس وقت تک ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ،قاضی شریعت مولانامحمد انظار عالم قاسمی نے کہا کہ انصاف پسند لوگ نئے قانو ن وقف کے خلاف کھڑے ہیں اس لئے کہ وہ جانتے ہیں یہ ملک دستور اور آئین کے تحت ہی چلے گا نہ کے ظلم اور زیادتی سے۔ امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اجلاس کے مندوبین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اگر ہم نے اخلاص و للہیت ،حوصلہ وہمت و فراست اور جہد مسلسل سے کام کیا تو انشاء اللہ ہماری کوشش ضرور کامیابی سے ہم کنار ہوگی ۔

انہوں نے ملک کے گوشے گوشے سے تشریف لانے والوں اور اپنے رفقاء کا بھی شکریہ اداکیا ، مولانا مفتی محمد ثنا ء الہدیٰ قاسمی صاحب نے کہا کہ عظمت رسول ہمارے ایمان کا حصہ ہے جو اس پر حملہ کرے گا ہم ناموس رسالت کے لئے سب کچھ قربان کردیں گے۔معروف ماہر تعلیم اورصالح نوجوان جناب ولی الدین رحمانی کلکتہ نے کہا کہ ہم سب اللہ کے گھر کو قبضہ کرنے والے کے خلاف لڑیں گے ،جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا معصوم قاسمی صاحب نے کہا کہ ملک کا دستور سیکولر دستو ر ہے اس لئے ملک پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہونے دی جائےگی۔ اس موقع پر انہوں نےحضرت مولانا ارشد مدنی صاحب صدر جمعۃ علماء ہند کا پیغام بھی پڑھ کر سنا یا ،مولانا سید امانت حسین،مجلس علماء خطباء امامیہ اہل تشع نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم پورے حقوق کے ساتھ زندگی گذاریں گے ،مولانا ابو لکلام شمسی صاحب نے کہا ہمارے آبا و اجداد نے اس ملک کو خون جگر سے سینچا ہے اور اس کی حفاظت کی ہے۔ہم بھی اس ملک پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دین گے ،

اجمیر شریف خانقاہ کے سجاد ہ نشیں خواجہ سرور جشتی نے کہا کہ ہم سب کو موقوفہ جائداد کی قربانی کے لئے تیار رہنا چاہیے ،جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر جناب ملک معتصم نے کہا کہ برادران وطن کو ساتھ لیکر اس ظالمانہ قانو ن کے خلاف تحریک چلائی جائے ،جناب مولانا عامر رشادی صدر راشٹریہ علماء کونسل اعظم گڑھ نے کہا کہ جو لوگ امارت کے خلاف محاذ آرائی کررہے ہیں ان کے خلاف بھی میدان عمل میں آنا چاہیے ، ان کے علاوہ مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت ،مولانا سہیل اختر قاسمی، نائب قاضی شریعت ،مولانا سہراب ندوی صاحب نائب ناظم ،مولانا اسعد قاسمی صاحب امام وخطیب جامع مسجد پٹنہ جنکشن ،مولانا سید شاہ طارق عنایت اللہ فردوسی ،مولانا محمد عباس سکریٹری جمعۃ علماء بہار ،مفتی نشاط احمد جمشید پور ،مولانا محمد ناظم قاسمی صاحب کے علاوہ محترمہ اسما ء زہرہ صاحبہ رکن آل انڈ یا مسلم پرسنل لا بورڈ، محترمہ عظمیٰ عالم کوکولکاتہ نے بھی اپنے خیالا ت کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین اسلام بھی اس کالے قانو ن کے خلاف جد جہد کررہی ہیں ۔

Click to listen highlighted text!