بھدرواہ میں تیسرا لیونڈر فیسٹیول شروع، دیہی ترقی اور اروما مشن کی کامیابی کا جشن

AMN
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں آج تیسرا لیونڈر فیسٹیول شروع ہو گیا ہے، جس کا افتتاح مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کریں گے۔ یہ دو روزہ ایونٹ سی ایس آئی آر – انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹو میڈیسن ( جموں کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کے دوران ایک “ایگری اسٹارٹ اپ ایکسپو” بھی منعقد کی جا رہی ہے، جس میں لیونڈر سے جڑے جدید زرعی پراڈکٹس اور ٹیکنالوجیز کو پیش کیا جائے گا۔
اس سال کا لیونڈر فیسٹیول کئی لحاظ سے منفرد ہے، کیونکہ یہ سی ایس آئی آر-اروما مشن کے تحت لیونڈر کی کاشت میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابی کا جشن ہے۔ اس مشن کے ذریعے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ اتراکھنڈ اور شمال مشرقی ریاستوں میں بھی لیونڈر کاشت کاری کو فروغ ملا ہے۔

اروما مشن، جو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا ایک اہم پروگرام ہے اور جس کی رہنمائی خود ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کی، نے دیہی علاقوں کے ہزاروں کسانوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا۔ اس کے تحت پانچ ہزار سے زائد کسانوں کو مفت اعلیٰ معیار کا پودا (کوالٹی پلانٹنگ میٹیریل) اور مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی گئی — جس میں کاشت، پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹنگ شامل ہیں۔
جموں و کشمیر میں اس مشن کے تحت 50 سے زائد ڈسٹلیشن یونٹس نصب کیے گئے ہیں تاکہ مقامی سطح پر لیونڈر آئل کی تیاری ممکن ہو سکے۔ ضلع ڈوڈہ کا بھدرواہ علاقہ اس مشن کے تحت ایک ماڈل خطے کے طور پر ابھرا ہے، جہاں کسانوں نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لیونڈر پنیری فروخت کی، 1500 کلو گرام لیونڈر آئل اور 93 ہزار کلو گرام خشک پھول تیار کیے گئے، جس کا مجموعی کاروباری حجم 10.5 کروڑ روپے سے زائد رہا۔
یہ مشن نہ صرف دیہی معیشت کو فروغ دے رہا ہے بلکہ خواتین کو خود مختار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، کیونکہ لیونڈر کاشت میں خواتین کی شراکت داری میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فیسٹیول میں ملک بھر سے کسان، سائنسدان، محققین، اسٹارٹ اپس، صنعتکار، پالیسی ساز اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس کا مقصد معطر فصلوں میں زرعی کاروبار کو فروغ دینا اور خطے کی زرعی معیشت کو ایک نئی سمت دینا ہے، جس کے دور رس قومی اثرات متوقع ہیں۔
