Last Updated on October 18, 2025 11:47 pm by INDIAN AWAAZ

نئی دہلی، 18 اکتوبر —
ملک کے ممتاز میڈیا ادارے اے جے کے ماس کمیونیکیشن ریسرچ سینٹر ، جامعہ ملیہ اسلامیہ (مرکزی یونیورسٹی) میں سینئر صحافی ڈاکٹر ایم رحمت اللہ نے بطور پروفیسر (ٹی وی) اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
تین دہائیوں سے زائد فعال صحافتی اور میڈیا مینجمنٹ کے تجربے کے بعد اب وہ اپنے عملی و علمی تجربات کے ذریعے طلبہ کو جدید صحافت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرائیں گے۔
ڈاکٹر رحمت اللہ نے انگریزی اور ماس کمیونیکیشن میں ایم اے اور 2003 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ جامعہ سے وابستگی سے قبل وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC) اور دہلی یونیورسٹی کے دہلی اسکول آف جرنلزم میں وزیٹنگ فیکلٹی رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں دوردرشن نیوز، چینل ون، سہارا ٹی وی، اے این آئی، ای ٹی وی، آل انڈیا ریڈیو، امر اجالا اور قومی تنظیم جیسے اداروں میں کلیدی عہدوں پر کام کیا۔
بین الاقوامی سطح پر بھی وہ کویت، دبئی، عراق، آذربائیجان اور کٹھمنڈو (نیپال) میں صحافتی سرگرمیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔
ان کی اہلیہ اس وقت اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی ()، نئی دہلی میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔
دوستوں، رفقا اور شاگردوں نے انہیں نئی ذمہ داری پر دلی مبارکباد دی ہے۔
