Last Updated on January 13, 2026 12:53 pm by INDIAN AWAAZ

نمائندۂ خصوصی
نامور دانشور، ممتاز ماہرِ تعلیم، ماہرِ معاشیات اور معروف ملی رہنما ڈاکٹر منظور عالم آج علی الصبح انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ملک اور بیرونِ ملک علمی، سیاسی اور سماجی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔
ڈاکٹر منظور عالم عالمی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (IOS) کے چیئرمین، آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے بانی اراکین میں شامل تھے۔
وہ ملتِ اسلامیہ ہند کی ممتاز ترین شخصیات میں شمار کیے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ملت کی فلاح و بہبود، بااختیاری اور سماجی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ تعلیم، معاشیات اور علمی تحقیق کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے، جب کہ ان کی فکری و علمی وراثت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ اپنی تحریروں، تحقیق اور قیادت کے ذریعے ڈاکٹر منظور عالم ہمیشہ سماجی انصاف، اقلیتی حقوق اور علمی بالادستی کے علمبردار رہے۔
ان کے انتقال پر ملک بھر کے قائدین، علما، دانشوروں اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں انہیں محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک تحریک قرار دیا گیا، جو ملت کے حقوق، وقار اور فکری ارتقا کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ مغرب کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی اور تدفین شاہین باغ قبرستان میں عمل میں آئے گی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان و متعلقین کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
