Last Updated on January 23, 2026 12:08 am by INDIAN AWAAZ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ‘بورڈ آف پیس’ کے قیام کا باضابطہ آغاز کر دیا

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈاووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر “بورڈ آف پیس” اقدام کے آغاز کے لیے چارٹر پر دستخط کیے۔ انہوں نے اسے عالمی تنازعات کے حل کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک پُرجوش دن ہے اور دنیا میں امن آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے دنیا آگ میں جل رہی تھی، مگر اب کئی مثبت تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور عالمی خطرات میں نمایاں کمی آ رہی ہے۔



بھارت ایک قابلِ اعتماد ویلیو چین شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے: اشونی ویشنو

الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ بھارت کو عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد ویلیو چین پارٹنر اور جامع ترقی پر مرکوز ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تمام پانچ سطحوں پر کام کر رہا ہے، جن میں اے آئی آرکیٹیکچر، ایپلیکیشن، ماڈل، چِپ، انفراسٹرکچر اور توانائی شامل ہیں۔

سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم پر بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ دس سیمی کنڈکٹر اور چِپ مینوفیکچرنگ پلانٹس میں سے چار میں حالیہ مہینوں میں پائلٹ پروڈکشن شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان میں سے ایک پلانٹ فروری کے آخری ہفتے میں تجارتی پیداوار شروع کرنے جا رہا ہے۔


اسکل ڈیولپمنٹ کی مضبوطی کے لیے بھارت اور ورلڈ اکنامک فورم کے درمیان مفاہمت نامہ

وزارتِ اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ نے بھارت کے اسکل اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ وزارت کے مطابق اس معاہدے کے تحت بھارت میں ایک “اسکلز ایکسیلیریٹر” کے آغاز اور نفاذ پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔

وزارت نے کہا کہ اس اقدام سے مہارتوں کے اہم خلا کو پُر کرنے میں مدد ملے گی اور بھارتی نوجوانوں کی عالمی سطح پر روزگار کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔


جھارکھنڈ میں نکسلی مخالف کارروائی میں 15 ماؤ نواز ہلاک

جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع کے سارنڈا جنگل میں آج نکسلی مخالف کارروائی کے دوران سی پی آئی (ماؤ نواز) کے 15 باغی ہلاک ہو گئے۔ یہ کارروائی چائباسا کے تحت کیری بورو پولیس اسٹیشن علاقے میں انجام دی گئی۔

جھارکھنڈ ڈی جی پی اور سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کی مشترکہ قیادت میں “میڈھا بورو” نامی خصوصی آپریشن 209 کوبرا، جھارکھنڈ جیگوار، سی آر پی ایف اور ضلعی پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے انجام دیا۔ اب تک 15 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جن میں سے 11 کی شناخت ہو گئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سی پی آئی (ماؤ نواز) کی مرکزی کمیٹی کے رکن انیل عرف پتی رام مانجھی بھی شامل ہیں، جن پر جھارکھنڈ میں ایک کروڑ روپے اور اڈیشہ میں ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کا انعام تھا۔ بڑی مقدار میں اسلحہ اور روزمرہ استعمال کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ پولیس نے باقی ماندہ انتہا پسندوں سے ریاستی سرنڈر اور بازآبادکاری پالیسی کے تحت ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ تلاشی کارروائی بدستور جاری ہے۔
— مہوش رحمان، آکاشوانی نیوز، رانچی


جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں سڑک حادثہ، 10 فوجی جوان شہید

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں آج ایک المناک سڑک حادثے میں 10 فوجی جوان جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔ فوج کا ایک ٹرک بھدرواہ-چمبا بین الریاستی سڑک پر نو ہزار فٹ بلندی پر واقع کھنی ٹاپ کے قریب پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔

فوج اور پولیس نے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ چار فوجی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ چھ دیگر زخمی حالت میں دم توڑ گئے۔ ایک زخمی فوجی بھدرواہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیرِ نگرانی ہے جبکہ دس زخمیوں کو خصوصی علاج کے لیے اُدھم پور کمانڈ اسپتال ایئر لفٹ کیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر کہا کہ قوم کے لیے ان جوانوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ اسکیم کے تحت نئے شعبوں کے لیے جی ای آئی اہداف کا اعلان

مرکزی حکومت نے کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ اسکیم (CCTS) کے تحت مزید کاربن سے بھرپور صنعتوں کے لیے گرین ہاؤس گیس ایمیشن انٹینسٹی (GEI) اہداف کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مطابق ان شعبوں کے 208 اداروں کو مقررہ اخراج میں کمی کے اہداف پورے کرنا ہوں گے۔

وزارت نے کہا کہ اس توسیع کے بعد بھارتی کاربن مارکیٹ کا کمپلائنس نظام اب ملک کی 490 انتہائی آلودگی پھیلانے والی صنعتوں تک پھیل گیا ہے۔


وی بی گرام جی اسکیم منریگا کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے لائی گئی: شیوراج سنگھ چوہان

مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ وی بی گرام جی اسکیم منریگا میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کے تحت 100 دن کے بجائے 125 دن کے روزگار کی ضمانت دی گئی ہے، بے روزگاری الاؤنس کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور بدعنوانی روکنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہاں یو پی اے حکومت نے 10 برسوں میں 8,739.32 کروڑ روپے جاری کیے تھے، وہیں این ڈی اے حکومت نے کرناٹک کو روزگار ضمانتی پروگرام کے تحت 8,48,000 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔


بھارت کی تعمیر نو دنیا کی فلاح کے لیے ضروری ہے: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امیت شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کی تعمیر نو نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کی فلاح کے لیے ضروری ہے۔ وہ اتراکھنڈ کے ہریدوار میں آل ورلڈ گایتری پریوار کی صد سالہ تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم، بھارتی تہذیب اور تاریخ کو سمجھنے والے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دنیا کے مسائل کے حل بھارت کی قدیم روایات میں پوشیدہ ہیں۔


مضبوط بھارت-یورپی یونین تعلقات عالمی معیشت کو استحکام دیں گے: جے شنکر

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ مضبوط بھارت-یورپی یونین تعلقات مستحکم سپلائی چینز کے ذریعے عالمی معیشت کے خطرات کم کریں گے اور تجارت، نقل و حرکت اور سلامتی کے مضبوط اشتراک سے عالمی نظام کو استحکام دیں گے۔

نئی دہلی میں یورپی یونین کے ممالک کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں عدم استحکام ایک نیا معمول بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ مضبوط بھارت-یورپی یونین تعلقات انسانی امداد، سمندری قزاقی کے خلاف کارروائی اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عالمی برادری کو اعتماد فراہم کریں گے۔


وزیر اعظم مودی اور برازیل کے صدر کے درمیان بات چیت، اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج برازیل کے صدر لولا دا سلوا سے بات چیت کی اور بھارت-برازیل اسٹریٹجک شراکت داری میں مضبوط پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ شراکت داری آنے والے برس میں نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی جنوب کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے بھارت اور برازیل کے درمیان قریبی تعاون انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت جلد برازیل کے صدر کے استقبال کا منتظر ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی کل کیرالہ کا دورہ کریں گے

وزیر اعظم نریندر مودی کل کیرالہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ترواننت پورم میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور بعض منصوبوں کا آغاز کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

یہ منصوبے ریل کنیکٹیوٹی، شہری روزگار، سائنس و اختراع، عوامی خدمات اور جدید صحت کے شعبوں پر مشتمل ہیں، جو جامع ترقی، تکنیکی پیش رفت اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔


پراگتی کے 50ویں اجلاس میں احمد آباد میٹرو پروجیکٹ کی کامیابی نمایاں

وزیر اعظم کے فعال حکمرانی اور بروقت نفاذ کے پلیٹ فارم “پراگتی” نے اپنے 50ویں اجلاس کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ اس خصوصی سلسلے میں آج احمد آباد میٹرو ریل پروجیکٹ کا جائزہ پیش کیا گیا۔

فیز-اوّل پروجیکٹ 40.03 کلومیٹر پر محیط ہے جس کی منظور شدہ لاگت 12,924.5 کروڑ روپے ہے۔ 2018 میں پراگتی کے تحت ابتدائی جائزے کے وقت منصوبے کی 25 فیصد تکمیل ہو چکی تھی۔ وزیر اعظم کی مسلسل نگرانی سے بین محکمہ جاتی تال میل مضبوط ہوا اور دسمبر 2020 تک تکمیل 62 فیصد تک پہنچ گئی۔ ستمبر 2022 میں بیشتر حصہ عوام کے لیے کھول دیا گیا، جبکہ بعد میں مکمل نیٹ ورک فعال ہو گیا۔



یومِ جمہوریہ پریڈ میں بھارتی فضائیہ دفاعی دستوں کی قیادت کرے گی

ڈائریکٹوریٹ آف سیریمنیز کے ایئر کموڈور عمران زیدی نے کہا ہے کہ اس سال یومِ جمہوریہ پریڈ میں بھارتی فضائیہ دفاعی افواج کی قیادت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خراجِ عقیدت کی تقریب کی قیادت اسکواڈرن لیڈر ہیمنت سنگھ کنیار کریں گے۔

مارچنگ دستے میں چار افسران اور 144 ایئر واریئرز شامل ہوں گے۔