Last Updated on November 11, 2025 5:17 pm by INDIAN AWAAZ

| ویب ڈیسک
بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمندر کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں کے درمیان ان کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی عائشہ دیول نے وضاحت کی ہے کہ دھرمندر علاج پر مثبت ردِعمل دے رہے ہیں اور آہستہ آہستہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔
کچھ غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 89 سالہ دھرمندر کا ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ تاہم خاندان نے ان خبروں کو سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں سانس لینے میں تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ہیما مالنی نے ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر لکھا:
“دھرمندر (89) علاج پر مثبت ردِعمل دے رہے ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ چند ذمہ دار چینلز بغیر تصدیق کے جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ براہ کرم خاندان کی نجی زندگی اور جذبات کا احترام کریں۔”
ان کا یہ بیان بیٹی عائشہ دیول کے انسٹاگرام پیغام کے فوراً بعد آیا۔ عائشہ نے کہا:
“میڈیا غلط خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے پاپا مستحکم ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔ پاپا کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا شکریہ۔”
دیر رات سنی دیول نے بھی ایک بیان میں کہا:
“دھرمندر جی مستحکم ہیں اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ براہ کرم ان کی صحت کے بارے میں افواہیں نہ پھیلائیں۔ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔”
خاندانی ذرائع کے مطابق، دھرمندر کو 10 نومبر کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ انہیں سانس لینے میں دشواری کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
