Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz

مہاراشٹر کے ضلع پونے کے ماول علاقے میں واقع مشہور سیاحتی مقام کونڈمالہ میں اتوار کو ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں اندرائنی ندی پر قائم ایک پرانا لوہے کا پل اچانک منہدم ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پل پر سیاحوں کی بھیڑ زیادہ ہونے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ اب تک چار افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہیں۔ 38 افراد کو محفوظ طور پر بچا لیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

سیاحوں سے بھرا پل گر گیا

کونڈمالہ ہر سال برساتی موسم میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔ اتوار کی تعطیل کے سبب اس بار بھی بڑی تعداد میں لوگ اندرائنی ندی کے کنارے واقع اس سرسبز مقام پر جمع تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، حادثے کے وقت پل پر درجنوں افراد موجود تھے، جس سے پل پر بوجھ بڑھ گیا اور وہ اچانک نیچے گر گیا۔

بچاؤ کارروائیاں جاری

حادثے کے فوراً بعد پونے اور پمپری-چنچوڑ پولیس، پی ایم آر ڈی اے کے فائر بریگیڈ اہلکار اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کی دو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ ندی میں گرے لوگوں کو نکالنے کے لیے کشتیاں اور غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔

Click to listen highlighted text!