نئی دہلی/حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر، پروفیسر سید عین الحسن صاحب کو ان کی شاندار علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ادب اور تعلیم کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پوری مانو برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ پروفیسر عین الحسن نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔ ان کی قیادت میں مانو نے تعلیمی اور ادبی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ ان کے اس اعزاز پر مانو کے اساتذہ، طلبہ، اور انجمن طلبہ قدیم مانو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ انجمن طلبہ قدیم مانو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ “یہ ایوارڈ نہ صرف پروفیسر عین الحسن صاحب کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پوری اردو برادری کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و سلامتی کے ساتھ مزید کامیابیاں عطا کرے۔”

یہ اعزاز پروفیسر عین الحسن کی علم دوستی، اردو زبان کی ترقی، اور تعلیم کے میدان میں ان کے گراں قدر کردار کا روشن ثبوت ہے۔