Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz

دہلی: یہاں اگلے سنیچر ۸؍فروری کی شام ۴؍بجےانڈیا اسلامک کلچرل سنٹر  لودھی  روڈ میں قرآن پاک کے جدید ترین ترجمۂ قرآن پاک کی رونمائی ہو گی۔ ناشر فاروس میڈیا کے مطابق یہ قرآن پاک کا انتہائی سلیس انگریزی ترجمہ ہے ۔  اس کی تیاری میں صرف معتبر ترین عربی مآخذ کو استعمال کیا گیا ہے اور یہ کوشش کی گئی ہے کہ قرآن پاک اور دین اسلام کو عین اسی طرح پیش کیا جائے جس طرح قرون اولی کے مسلمان علماء و مفسرین سمجھتے تھے۔

یہ ترجمہ معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے کیا ہے جو ۵۰؍ سے زیادہ عربی، انگریزی اور اردو کتابوں کے مصنف و مترجم ہیں۔ اس کام میں ان کو ۱۲؍سال لگے ہیں۔ انھوں نے ہندوستانی مدارس کے بعد مصر کے جامعۃ الازہر اور قاہرہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی اور برطانیہ کی مانچسٹر یونیورسٹی سے اسلامیات میں ڈاکٹریٹ کیا۔ وہ لندن میں مسلم انسٹی ٹیوٹ سے تقریباً ۱۳؍سال  تک ریسرچ فیلو کے طور سے وابستہ رہ چکے ہیں اور فی الحال بہت سی ذمےداریوں کے ساتھ دارالمصنفین شبلی اکیڈمی(اعظم گڑھ) کے ڈائرکٹر اور اس کے علمی مجلہ ”معارف“ کے ایڈیٹر ہیں۔ وہ سنہ۲۰۰۰ء سے انگریزی اخبار ’’ ملی گزٹ ‘‘کے ایڈیٹر بھی ہیں۔ یہ ترجمہ قرآن پاک  دو ایڈیشنوں میں دستیاب ہے: ایک عربی متن ، انگریزی ترجمہ اور حواشی کے ساتھ اور دوسرا صرف انگریزی ترجمہ و حواشی کے ساتھ۔

ترجمۂ قرآن کریم کی تقریب اجراء کی صدارت محترمہ ڈاکٹر سیدہ سیدین کریں گی اور خطاب کرنے والوں میں جناب سعادت اللہ حسینی  ( امیر جماعت اسلامی ہند )، مولانا محب اللہ ندوی (ممبر آف پارلیمنٹ) ،پروفیسر عبدالماجد قاضی (شعبۂ  عربی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ) ، پروفیسر محمد قطب الدین(شعبۂ  عربی ، جے۔این۔یو )،  ڈاکٹر وارث مظہری (شعبۂ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ہمدرد)  اور جناب  عبدالودود ساجد (ایڈیٹر انقلاب، دہلی  )  شامل ہیں۔

Click to listen highlighted text!