Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz

AMN WEB DESK

سیاست کے ایوانوں سے لے کر عدالتِ عظمیٰ کے ہالوں تک—اور اب جرمنی کی خوبصورت فضاؤں میں—ترنمول کانگریس کی آتش فشاں تقریروں والی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا اور سینئر وکیل و سابق بی جے ڈی رکن پارلیمنٹ پنکی مشرا کی شادی نے ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔

یہ محض دو سیاسی شخصیات کا ملاپ نہیں، بلکہ دو متضاد مگر متاثر کن کہانیوں کا سنگم ہے—جہاں ایک طرف فائر برانڈ اپوزیشن لیڈر ہیں جو پارلیمنٹ میں زہر میں بجھے تیر برساتے ہوئے نظر آتی ہیں، تو دوسری طرف ایک زیرک وکیل اور سیاستدان، جو قانونی نکات سے حریف کو پچھاڑنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

جرمنی میں ہوا “لوک سبھا لو اسٹوری” کا کلائمکس

30 مئی 2025 کو، خاموش جرمن فضاؤں میں، نہ کوئی سیاست تھی، نہ میڈیا کا شور۔ بس قریبی دوست، خاندان، اور محبت بھری خاموشی کے درمیان مہوا اور پنکی نے زندگی بھر کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔ شادی کی خبر سب سے پہلے مہوا موئترا نے خود سوشل میڈیا پر ایک دلکش تصویر کے ساتھ شیئر کی، جس میں وہ سنہرے زیورات میں جگمگا رہی تھیں اور ساتھ مسکراتے ہوئے پنکی مشرا موجود تھے۔

مہوا: وال اسٹریٹ سے کرشن نگر تک

مہوا موئترا کی کہانی خود میں ایک فلمی اسکرپٹ ہے۔ نیویارک اور لندن میں جے پی مورگن کی سابق بینکر، Mount Holyoke College کی فارغ التحصیل، جس نے 2008 میں سب کچھ چھوڑ کر بھارت کی سیاست کا رخ کیا۔ ابتدا میں کانگریس کی یوتھ ونگ، پھر ممتا بنرجی کی TMC—اور جلد ہی اپوزیشن کی سب سے دلیر اور تیز زبان والی آواز۔

ان کی سابقہ شادی ڈنمارک کے فنانسر لارز برورسن سے ہوئی تھی، جس کے بارے میں انہوں نے خود ایک پوسٹ میں وضاحت دی:
“میرا نام ہمیشہ مہوا موئترا رہا ہے۔ میرے سابق شوہر کا نام لارز وارورٹ برورسن ہے۔”

اس کے بعد ان کا نام وکیل جئے اننت دہادرائے سے جوڑا گیا، جنہیں بعد میں انہوں نے “چھوڑا ہوا عاشق” کہہ کر خبروں کی زینت بنیں۔ یہ تعلق تنازعے میں بدل گیا، جب مہوا پر الزام لگا کہ وہ صنعت کار گوتم اڈانی کے خلاف سوال “کسی حریف” کے کہنے پر اٹھا رہی ہیں۔ نتیجہ: 2023 میں پارلیمنٹ سے بے دخلی۔

پنکی مشرا: اسٹفن کالج سے لوک سبھا اور سپریم کورٹ تک

1964 میں پیدا ہونے والے پنکی مشرا کی شخصیت میں وقار، تجربہ اور قانونی ذہانت جھلکتی ہے۔ دہلی کے سینٹ اسٹیفنز کالج اور دہلی یونیورسٹی کے لاء فیکلٹی سے فارغ التحصیل، وہ 1996 میں کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا پہنچے۔ بعد میں بی جے ڈی سے وابستہ ہو کر 2009 سے 2019 تک پوری (اوڈیشہ) کے ایم پی رہے۔

مشرا نہ صرف سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہیں، بلکہ انہوں نے مہوا موئترا کے کیسز میں بھی ان کی نمائندگی کی ہے۔ سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹ کر 2024 کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا، اور اب شاید زندگی کے اس نئے موڑ پر ایک زیادہ ذاتی اور پُرسکون سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔

ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔

ایک جوڑی، دو دنیائیں: لیکن ہم آہنگ

مہوا موئترا اور پنکی مشرا کی یہ شادی نہ صرف نجی خوشی کا لمحہ ہے بلکہ دو مختلف سیاسی پس منظر اور زندگی کے تجربات رکھنے والے لوگوں کا پُرخلوص ملاپ بھی ہے۔

ایک طرف مہوا کی بے باکی، کھراپن، اور پارلیمانی انداز—تو دوسری طرف پنکی مشرا کا قانونی استدلال، نفاست اور خاموش وقار۔ یہ شادی اس بات کی علامت ہے کہ سیاست کے شور میں بھی ذاتی خوشیاں خاموشی سے پروان چڑھ سکتی ہیں۔

Click to listen highlighted text!