
ڈاکٹر بسوراج ایس کمبار، کنسلٹنٹ انٹرنل میڈیسن، ایسٹر وہائٹ فیلڈ اسپتال، بنگلورو
تیس سال کی عمر میں اکثر انسان کو یہ احساس ہوتا ہے کہ زندگی ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ نوکری یا کاروبار مستحکم ہو رہا ہوتا ہے، خاندان اور سماجی ذمہ داریاں بڑھتی ہیں، لیکن انہی ذمہ داریوں کے بوجھ تلے اپنی صحت اکثر نظرانداز ہو جاتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جب جسم خاموشی کے ساتھ میٹابولک تبدیلیاں ظاہر کرنا شروع کرتا ہے۔ اگر ان پر توجہ نہ دی جائے تو یہ چھوٹے چھوٹے اشارے آنے والے برسوں میں بڑی بیماریوں میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
سات اشارے جو خطرے کی گھنٹی ہیں
- کافی نیند کے باوجود مسلسل تھکن
اگر آپ آٹھ گھنٹے سو کر بھی دن بھر تھکن محسوس کرتے ہیں تو یہ صرف دباؤ یا زیادہ مصروفیت کا نتیجہ نہیں ہو سکتا۔ اکثر یہ اشارہ انسولین ریزسٹنس، تھائرائیڈ میں خرابی یا پری-ڈایابیٹیز کا ہوتا ہے۔ اگر تھکن روز مرہ کا حصہ بن جائے تو میٹابولک چیک اپ ضروری ہے۔ - پیٹ کے گرد وزن بڑھنا
عمر کے ساتھ چند کلو وزن بڑھنا عام بات ہے، لیکن اگر وزن خاص طور پر پیٹ کے گرد بڑھ رہا ہے تو یہ خطرناک علامت ہے۔ پیٹ کی چربی (Visceral Fat) براہ راست ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں سے جڑی ہوتی ہے۔ اگر خوراک یا ورزش میں خاص فرق نہ ہونے کے باوجود پیٹ بڑھتا جا رہا ہے تو فوری توجہ دیں۔ - میٹھا کھانے کی شدید خواہش یا توانائی میں اچانک کمی
دن کے درمیان اچانک کمزوری یا بار بار میٹھا کھانے کی طلب جسم میں گلوکوز کے عدم توازن کا نتیجہ ہے۔ یہ عادت لبلبے (Pancreas) پر دباؤ ڈالتی ہے اور وقت کے ساتھ ٹائپ 2 ذیابیطس کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔ - نوجوانی میں ہائی بلڈ پریشر کا پتہ چلنا
بلڈ پریشر اب صرف بڑی عمر کے افراد کی بیماری نہیں۔ تیس کی دہائی میں بھی لوگ چیک اپ کے دوران بلند فشار خون کے شکار پائے جاتے ہیں۔ یہ ’’خاموش قاتل‘‘ ہے جو دل، گردوں اور دماغ کو آہستہ آہستہ نقصان پہنچاتا ہے۔ - بلاوجہ وزن یا پٹھوں کی کمی
جیسے وزن بڑھنا نقصان دہ ہے، اسی طرح بلاوجہ وزن کم ہونا یا پٹھوں کی کمی بھی خطرناک ہے۔ یہ اکثر تھائرائیڈ، شوگر یا دیگر نظامی امراض کی علامت ہو سکتا ہے۔ اگر پٹھوں کی طاقت کم ہونے لگے تو یہ سرکوپینیا کی ابتدا بھی ہو سکتی ہے جو عمر کے ساتھ میٹابولک کمزوری بڑھا دیتی ہے۔ - نیند میں بے ترتیبی
رات کو بار بار جاگنا، خراٹے لینا یا بے خوابی صرف ذہنی دباؤ نہیں بلکہ میٹابولک خرابی کی نشانی بھی ہو سکتا ہے۔ نیند کی کمی براہ راست انسولین ریزسٹنس، موٹاپا اور امراضِ قلب سے جڑی ہے۔ معیاری اور گہری نیند میٹابولک صحت کی بنیاد ہے۔ - کولیسٹرول اور چربی (Lipid) کی سطح بڑھنا
بہت سے بظاہر صحت مند نوجوانوں میں خون کے ٹیسٹ کے دوران کولیسٹرول یا ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح بڑھ جاتی ہے۔ یہ میٹابولک سنڈروم کی ابتدائی علامت ہے جو شریانوں کو آہستہ آہستہ سخت اور تنگ کرتا ہے، نتیجہ دل کے دورے اور فالج کی صورت میں نکل سکتا ہے۔
وقت پر توجہ کیوں ضروری ہے؟
میٹابولک بیماریاں اچانک نہیں ہوتیں بلکہ برسوں میں خاموشی سے بڑھتی ہیں۔ جب علامات ظاہر ہوتی ہیں تب تک نقصان ہو چکا ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے ان بیماریوں کو ابتدا میں روکا جا سکتا ہے۔
صحت مند رہنے کے طریقے
- ہر سال یا دو سال بعد بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی جانچ کرائیں
- متوازن غذا اپنائیں اور فاسٹ فوڈ کم کریں
- روزانہ کم از کم 30 منٹ جسمانی سرگرمی کریں
- نیند پوری کریں اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کریں
- اگر خاندان میں ذیابیطس یا دل کے امراض کی تاریخ ہے تو زیادہ محتاط رہیں
نتیجہ
تیس کی دہائی جسم کے لیے ایک وارننگ زون ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی علامات دراصل بدن کی طرف سے دی جانے والی وارننگ ہیں کہ وقت پر توجہ دی جائے۔ انہیں نظرانداز کرنا مستقبل میں بڑی بیماریوں کی راہ ہموار کرتا ہے۔ بروقت احتیاط نہ صرف صحت بلکہ زندگی کے معیار کو بہتر بناتی ہے۔
