Last Updated on January 28, 2026 11:58 am by INDIAN AWAAZ

اسٹاف رپورٹر

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار آج صبح بارامتی میں پیش آنے والے ایک المناک طیارہ حادثے میں انتقال کر گئے۔ وزارتِ شہری ہوابازی کے مطابق وی ایس آر کے زیرِ انتظام لیئر جیٹ–45 طیارہ (VT-SSK) بارامتی ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں سوار تمام پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ دو معاون عملہ اور طیارے کے دو کریو ممبران شامل تھے۔ واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

اس افسوسناک سانحے پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ملک بھر کے سیاسی قائدین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا:
“مہاراشٹر کے بارامتی میں ایک طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سمیت متعدد افراد کے انتقال کی خبر نہایت دل خراش ہے۔ اجیت پوار کا ناگہانی انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مہاراشٹر کی ترقی، خصوصاً کوآپریٹو شعبے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ میں ان کے اہلِ خانہ، حامیوں اور چاہنے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے اہلِ خانہ کو بھی یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔”

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا:
“اجیت پوار عوامی رہنما تھے جن کا زمینی سطح پر مضبوط ربط تھا۔ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں پیش پیش رہنے والی محنتی شخصیت کے طور پر انہیں بے حد احترام حاصل تھا۔ انتظامی امور پر ان کی گرفت اور غریبوں و محروموں کو بااختیار بنانے کا جذبہ قابلِ ستائش تھا۔ ان کا اچانک انتقال نہایت صدمہ خیز اور افسوسناک ہے۔ ان کے اہلِ خانہ اور بے شمار چاہنے والوں سے ہمدردی۔ اوم شانتی۔”

وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا:
“مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ناگہانی انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔ اپنی طویل عوامی زندگی میں وہ مہاراشٹر کی ترقی و خوشحالی کے لیے پُرعزم رہے۔ عوام کے تئیں ہمدردی اور عوامی خدمت کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی معروف تھی۔ اہلِ خانہ اور حامیوں سے دلی تعزیت۔”

وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا:
“اجیت پوار کے اچانک انتقال کی خبر سے میں گہرے صدمے میں ہوں۔ آج صبح بارامتی میں پیش آئے افسوسناک طیارہ حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اور ان کے ہم سفر جاں بحق ہوئے۔ ان کے اہلِ خانہ، جن میں ان کے چچا شرد پوار بھی شامل ہیں، اور تمام دوستوں و حامیوں سے تعزیت۔ اس واقعے کی مناسب جانچ ہونی چاہیے۔”

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمرات چودھری نے کہا:
“بارامتی میں پیش آئے بھیانک طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار سمیت متعدد افراد کے انتقال کی خبر نہایت دردناک ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کو سکونِ ابدی اور سوگوار خاندانوں کو صبر عطا فرمائے۔ اوم شانتی!”

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا:
“بارامتی میں طیارہ حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کی خبر ملی۔ ان کے انتقال سے بھارتی سیاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی مہاراشٹر کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون دے۔ اوم شانتی!”

شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے لکھا:
“بارامتی کے قریب طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اور این سی پی سربراہ اجیت پوار کے انتقال کی خبر سے میں صدمے میں ہوں۔ پوار خاندان، ان کے حامیوں اور مہاراشٹر کے عوام سے دلی تعزیت۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔”

عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے لکھا:
“یہ خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر مسافروں کے طیارہ حادثے میں انتقال کی اطلاع انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اہلِ خانہ اس ناقابلِ برداشت غم سے گزر رہے ہیں… اللہ انہیں حوصلہ دے۔ عاجزانہ خراجِ عقیدت۔”

بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے لکھا:
“الفاظ سے ماورا نقصان! اجیت دادا… مہاراشٹر کے عظیم فرزند، بارامتی کی مٹی میں پلے بڑھے۔ بغاوت سے مفاہمت اور پھر استحکام تک کا طویل سفر طے کیا۔ بجٹ کے ماہر، خوابوں کو حقیقت بنانے والے—ان کی گرج تیز تھی اور خاموشی اس سے بھی گہری۔ این سی پی اور پوار خاندان سے تعزیت۔ اوم شانتی شانتی۔”

بی جے پی کے ترجمان جئے ویر شیرگل نے لکھا:
“مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار اور دیگر افراد کے طیارہ حادثے میں انتقال کی خبر سن کر بے حد دکھ ہوا۔ یہ مہاراشٹر اور پوار خاندان کے لیے بڑا نقصان ہے۔ گہری تعزیت۔ اوم شانتی!”