مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمد پر مارچ 2024 تک پابندی عائد کردی ہے۔ اِس قدم کا مقصد گھریلو منڈیوں میں پیاز کی وافر دستیابی کو یقینی بنانا اور قیمتوں پر قابو رکھنا ہے۔ غیر ملکی تجارت کے ڈائرکٹوریٹ جنرل نے اِس سلسلے میں ایک اطلاع نامہ جاری کیا ہے جو کَل سے لاگو ہوگیا ہے۔ اطلاع نامہ کے مطابق پیاز کی برآمد کی اجازت اُس صورت میں ہوگی کہ جہاز میں پیاز کی لدائی ، اِس اطلاع نامہ سے پہلے شروع ہوگئی ہو اور شپنگ بِل داخل کردیاگیا ہو اور جہاز، پیاز کی لدائی کیلئے بھارتی بندرگاہوں پر پہنچ کر لنگر انداز ہوچکے ہوں اور ان کے لئے یہ طے کردیا گیا ہو کہ وہ کتنی بار آمدورفت کریں گے۔ اِن غیر معمولی حالات کے دوران برآمد کی مدت اگلے سال 5 جنوری تک ہوگی۔