پارلیمنٹ
کی کارروائی آج خصوصی اجلاس کے دوسرے دن، نئی عمارت میں شروع ہوئی۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ’بھارت کا پارلیمنٹ ہاؤس‘ کہا جائے گا، جبکہ پارلیمنٹ کی پرانی عمارت کو سمودھان سَدن کے نام سے جانا جائے گا۔سرکار نے نئی عمارت میں کارروائی کے پہلے دن لوک سبھا میں تاریخی خواتین ریزرویشن بل پیش کیا۔ مذکورہ بل کی رُو سے لوک سبھا، ریاستی اسمبلیوں اور دلّی اسمبلی میں خواتین کیلئے ایک تہائی ریزرویشن کی گنجائش ہے۔ اِس سلسلے میں 128 واں ترمیمی بل 2023 پیش کرتے ہوئے وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے کہا کہ ناری شکتی وندن Adhiniyam کا مقصد پارلیمنٹ اور ریاستوں کی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنا ہے تاکہ پالیسی سازی کے عمل میں عوامی نمائندوں کے طور پر اُن کی شمولیت کو بڑھایا جاسکے۔جناب میگھوال نے کہا کہ مذکورہ بل منظور ہوجانے کے بعد لوک سبھا میں خواتین کیلئے سیٹوں کی تعداد 82 سے بڑھ کر 181 ہوجائے گی۔اِس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان پر زور دیا کہ وہ خواتین کیلئے موقعوں کے راستے کھولیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ناری شکتی وندن Adhinyam سے بھارتی جمہوریت مزید مستحکم ہوسکے گی۔لوک سبھا میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اِس کی شان و شوکت سے جدید بھارت کی عکاسی ہوتی ہے اور اِس میں ملک کے انجینئرس اور کارکنوں کی محنت اور پسینہ شامل ہے۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اپنی تقریر میں ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان کی عظمت اور وقار برقرار رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ارکان کو چاہیے کہ وہ نئی عمارت میں نئے خیالات، نظریات اور بحث و مباحثے کی بہترین روایتوں کے ساتھ جمہوریت کا ایک کلچر قائم کریں۔بعد میں لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔اِدھر نئی عمارت میں کارروائی کے پہلے دن راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پارلیمانی دیانتداری کے تعلق سے ایوانِ بالا، پورے ملک میں قانون ساز اداروں کیلئے باعثِ تحریک بن سکتا ہے۔اِدھر اپوزیشن کے لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ خواتین کے دیگر طبقوں کے مقابلے SC، ST اور OBC طبقوں کی خواتین کو کم موقعے ملتے ہیں۔ جناب کھڑگے کی رائے زنی پر اعتراض کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ خواتین کی نمائندگی کے تعلق سے اُن کا بیان قابل اعتراض ہے اور اس سے خواتین کی صلاحیت کی اہمیت کم ہوتی ہے۔جناب کھڑگے کی رائے زنی کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔نئی عمارت میں آنے سے قبل بھارت کی پارلیمنٹ کی شاندار وراثت کو یاد کرنے اور 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم کے اظہار کیلئے پارلیمنٹ کی پرانی عمارت کے سینٹرل ہال میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ایک گروپ فوٹو گراف کیلئے پرانے پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی احاطے میں ارکانِ پارلیمنٹ اکٹھا ہوئے۔راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے ارکان کا مشترکہ فوٹو گراف لیا گیا۔ اِس کے بعد راجیہ سبھا کے ارکان کا گروپ فوٹوگراف اور بعد میں لوک سبھا ارکان کی تصویر لی گئی۔ x