وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی بلکہ توسیع پسندی سے بھی نمٹ رہا ہے۔

Staff Reporter

آج ملک 75 واں یوم آزادی منا رہا ہے۔22 وزیر اعظم نریندمودی نے دلّی میں لال قلعے کی فصیل پر قومی جھنڈا لہرایا اور ملک کو خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے ملک کی تعمیر کیلئے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ کی ضرورت پر زور دیا

وزیر اعظم نے عوام کو بھارت سے پیار کرنے والوں، دنیا بھر میں جمہوریت سے پیار کرنے والوں اور سبھی کو 75ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اُن مجاہدین آزادی کو بھی یاد کیا جنہوں نے اِس عظیم ملک کیلئے اپنی قربانیاں دیں۔ جناب مودی نے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چاہے ملک کے پہلے وزیر اعظم نہرو ہوں، سردار پٹیل ہوں جنہوں نے ملک کو متحد کیا یا بابا صاحب امبیڈکر ہوں جنہوں نے بھارت کو مستقبل کا راستہ دکھایا، ملک اُن سب کو یاد کرتا ہے اور اُن کا مرہون منت ہے۔

وزیر اعظم نے 2020 کے ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں تمغہ جیتنے والوں کو مبارکباد دی جنہوں نے ملک کا سرفخر سے اونچا کیا ہے۔ جناب مودی نے

کہا کہ انہوں نے نہ صرف ہمارے دل جیتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ ملک کی تقسیم کے درد کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا اور سرکار نے 14 اگست کو ہولناکی اور بدحواسی کے دن کے طور پر منانے کا جذباتی فیصلہ کیا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ پورے ہمالیائی خطے سمیت چاہے جموں وکشمیر ہو، لداخ ہو یا ملک کا شمال مشرقی حصہ ہو یا ساحلی علاقہ ہو یا قبائلی خطہ ہو یہ سب مستقبل کی بھارت کی ترقی کی ایک بڑی بنیاد بنیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گاوﺅں میں ملک کی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہورہا ہے۔ آج گاﺅں میں نہ صرف پانی اور بجلی دستیاب ہے بلکہ ڈیجیٹل صنعتی ادارے بھی وہاں پھل پھول رہے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ ملک آزادی کا امرت مہوتسو کی جانب بڑھ رہا ہے لہذا ہندوستانی ریلوے میں بھی تیزی سے کایا پلٹ ہورہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت پردھان منتری قومی ماسٹر پلان شروع کرنے والا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک سو لاکھ کروڑ روپے کے منصوبے کے نتیجے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور بنیادی ڈھانچے کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں بھارت واحد ملک ہے جو آب وہوا سے متعلق اپنے نشانے پورا کرنے کی سمت میں رواں دواں ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ دنیا کا مستقبل گرین ہائیڈروجن میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے قومی ہائیڈروجن مشن کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کا مقصد ملک کو گرین ہائیڈروجن کا ایک بڑا مرکز بنانا اور اس کا سب سے بڑا برآمد کار بننا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی بلکہ توسیع پسندی سے بھی نمٹ رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سرکار مسلح افواج کی ہر ممکن مدد اور اعانت فراہم کررہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے حالات نے نہ صرف ملک بلکہ پوری بنی نو انسانی کے سامنے ایک چیلنج پیش کیا ہے، جس کا ملک کے عوام نے صبر وتحمل کے ساتھ مقابلہ کیا۔ جناب مودی نے اُن سب سائنسدانوں، ڈاکٹروں اور پیش پیش رہنے والے ورکروں کی ستائش کی جنہوں نے کووڈ انیس کی وبا کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ ہم اپنے سائنسدانوں کی وجہ سے ملک کے اندر ہی کووڈ کے دو ٹیکے بنانے میں کامیاب ہوئے اور دنیا میں سب سے بڑی ٹیکہ کاری کی مہم چلائی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی ترقی کے سفر کو ہم امرت مہوتسو کی تقریبات تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کرنا چاہئے کہ جب ہم بھارت کی آزادی کے سو سال پورے کریں تو مقاصد بھی پورے ہونے چاہئیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ جب ہم آزادی کا سو سالہ جشن منائیں تو ہمیں آتم نربھر بھارت کی منزل تک پہنچ جانا چاہئے۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کے سبھی خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ ایک اہم اصول ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ملک کے سبھی لوگوں کو آیوشمان بھارت، اجّولا یوجنا، پنشن یوجنا اور آواس یوجنا سمیت دیگر اسکیموں اور پروگراموں سے جوڑنا ہے۔


وزیر اعظم نے اپنی تقریر شروع کرنے سے پہلے گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا۔ اِس سال پہلی بار جیسے ہی وزیر اعظم نے قومی جھنڈا لہرایا بھارت کی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں نے پھولوں کی پتیاں برسائیں۔
لال قلعے پہنچنے پر دوسروں کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اُن کا استقبال کیا۔ لال قلعے پہنچنے سے پہلے وزیر اعظم راج گھاٹ گئے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول نذر کئے