منظم عالمی رسائی کے تحت بھارت کے پارلیمانی وفود دنیا کے اہم ممالک کیلئے روانہ ہوئے

منظم عالمی رسائی کے تحت بھارت کے پارلیمانی وفود دنیا کے اہم ممالک کیلئے روانہ ہوئے۔ جنتا دَل یونائیٹڈ کے رکن پارلیمنٹ سنجے جھا کی قیادت والے کثیر جماعتی وفد نے آج ٹوکیو میں جاپان کے وزیر خارجہ Takeshi Iwaya سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں جاپان کی حمایت کی درخواست کی۔ جناب جھا نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 25 اپریل والے صحافتی بیان پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ اس بیان میں قابل مذمت دہشت گردانہ کارروائی کی سازش کرنے والوں، اِسے بروئے کار لانے والوں اور مالی اعانت کرنے والوں کی ذمے داری طے کرنے اور اُنھیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
بھارتی وفد نے یہ پیغام پہنچایا کہ آپریشن سندور کے ذریعے بھارت نے بے انتہا درست، مرکوز، متناسب اور غیراشتعال انگیز انداز میں جواب دیا ہے۔ جناب جھا نے یہ پیغام بھی دیا کہ بھارت کی دہشت گردی کے تئیں قطعی عدم برداشت کی پالیسی ہے اور وہ دہشت گردوں اور اُس کی حمایت کرنے والوں میں کوئی فرق نہیں کرتا۔ جاپان کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی لڑائی میں جاپان کی حمایت کے عہد کو دوہرایا اور بھارت کی جانب سے صبر وتحمل کے مظاہرے کی ستائش کی۔ ساتھ ہی انھوں نے دہشت گردانہ کارروائیوں کی سازش کرنے والوں کو سزا دلانے کی بات بھی کہی۔ وفد نے جاپان کے سابق وزیر اعظم Yoshihide Suga اور قومی سلامتی میں ایوانِ نمائندگان کمیٹی کے چیئرمین Takashi Endo سے بھی ملاقات کی۔
اس دوران شیوسینا رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے کی قیادت والا ایک اعلیٰ سطحی کثیر جماعتی وفد آج ابوظبی پہنچا۔ متحدہ عرب امارات، چار ممالک کی وسیع تر سفارتی مہم کا پہلا پڑائو ہے۔ وفد نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ میٹنگیں کیں اور آپریشن سندور کی اہمیت سے واقف کرایا۔ اس دوران، سرحد پار کی دہشت گردی کے بارے میں بھارت کے مضبوط موقف کو دوہرایا گیا۔ وفد نے متحدہ عرب امارات کے دفاع، داخلی اور خارجی امور کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی راشد ال نعیمی اور متحدہ عرب امارات کے دیگر سینئر اراکین پارلیمنٹ سے جامع بات چیت کی۔ڈاکٹر نعیمی نے زور دیا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تجارت اور ثقافت سے آگے کے ہیں اور سلامتی اور اسٹرٹیجک معاملات پر محیط ہیں۔ اس بیچ، DMK رکن پارلیمنٹ کنی موزی کروناندھی کی قیادت والا تیسرا کثیر جماعتی وفد، پاکستان کی سرپرستی والی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنے پانچ ممالک کے دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔ یہ وفد اسپین، یونان، سلوینیہ، Latvia اور روس کا دورہ کرے گا۔ روانگی سے پہلے، کنی موزی کرناندھی نے کہا کہ دنیا تک دہشت گردی کے خلاف لڑائی کا پیغام پہنچانے کیلئے سبھی کو یکجا ہونا ہوگا۔سفارتی مہم کے سات وفود میں سے باقی چار وفود اگلے کچھ دنوں میں مختلف ممالک کیلئے روانہ ہوں گے۔