جرمنی میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم ’سینٹرل کونسل فار مسلمز‘ نے جمعہ چھ نومبر کو برلن میں آسٹریا کے سفارت خانے کے سامنے ایک پر امن ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حالیہ دنوں میں ویانا اور فرانس کے شہر نیس میں مسلم شدت پسندوں کی جانب سے دہشت گرادنہ حملوں کے تناظر میں اس امن ریلی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور دہشت گردی کی مخالفت کرنا ہے۔ ريلی مقامی وقت کے مطابق سہ پہر دو بجے شروع ہو رہی ہے۔ اس میں بین المذاہب دعائیہ تقریب کا بھی ایک پروگرام ہے۔ مسلم رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اس ریلی میں مسیحی برادری کی بھی اہم مذہبی شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ جرمنی میں یہودیوں کی معروف تنظیم ‘جنرل ربانیکل کانفرنس’ کے سربراہ ربی اینڈریاس نخاما بھی اس میں شرکت کریں گے۔
ويانا حملہ: مشتبہ افراد کی تلاش ميں جرمنی ميں بھی چھاپے
جرمن پوليس نے بتايا ہے کہ آسٹريا ميں چند روز قبل ہونے والے دہشت گردانہ حملے ميں ملوث ملزم کے ساتھ تعلق کے شبے ميں آج جرمنی کے مختلف شہروں ميں چھاپے مارے جا رہے ہيں۔ چار مشتبہ افراد کی تلاش ميں اوسنابروک، کاسل اور پنے برگ ميں جمعے کی صبح چھاپے مارے گئے۔ پوليس نے واضح کيا کہ مذکورہ افراد براہ راست حملے ميں ملوث نہيں تھے البتہ ان کے حملہ آور کے ساتھ تعلقات ہو سکتے ہيں۔ يہ چھاپے آسٹريا حکام کی درخواست پر مارے جا رہے ہيں۔ اسی معاملے کی تفتيش کے سلسلے ميں سوئٹزرلينڈ ميں بھی دو افراد کو گرفتار کيا چکا ہے۔ ويانا ميں پير کو مقدونيہ اور آسٹريا کے ايک بيس سالہ شہری نے حملہ کر کے چار افراد کو ہلاک کر ديا تھا۔