AMN
نئی دہلی، مشہور صحافی اور یو این آئی اردو سروس کے چیف سب ایڈیٹر جاوید اختر کوآل انڈیا تنظیم علمائے حق کی طرف سے’’ آفتاب صحافت ایوارڈ ‘‘سے نوازا جائے گا۔ یہ اطلاع مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے مسٹر جاوید اختر کو ایک خط میں دی ہے۔یہ ایوارڈ انہیں اردو صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے کے عوض دیا جارہا ہے۔
جاوید اختر کا تعلق صوبہ بہار کے اورنگ آباد اور بہار کا حصہ رہنے والے دھبناد سے ہے ۔ وہ سائنس گریجویٹ ہیں۔ تعلیمی ایام سے ہی سماجی، صحافتی اور اصلاحی تحریکوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔وہ یو این آئی میں ملازمت سے قبل ماہنامہ رفیق منزل کے منیجر بھی رہے جس کے بعد اس رسالہ کو ایک مقام حاصل ہوا۔
1992میں یو این آئی اردو سروس شروع ہوئی تو ان کے بانی رکن بنے۔ اس دوران انہوں نے رپورٹنگ، ایڈیٹنگ،خصوصی فیچر اور مضمون نویسی کے ساتھ دیگر صحافتی سرگرمیاں بھی انجام دیں۔ اس کے علاوہ تبصرہ نگاری پر مبنی مشہور رسالہ ’’اردو بک ریویو ‘‘کے بانی ایڈیٹر بھی تھے۔ انہوں نے صحافیوں کی صحافتی خدمات پر مبنی کئی رسالوں کو بھی ترتیب دیا ہے۔ وہ ریڈیو کے کئی پروگراموں سے بھی عارضی طور پر وابستہ رہ چکے ہیں اور کئی موضوع پر ریڈیو ٹاک بھی لکھ چکے ہیں۔اس کے علاوہ کئی بین الاقوامی نیوز پلیٹ فارم سے بھی منسلک رہے ہیں۔
مسٹر جاوید اختر کو یہ ایوارڈ 20اپریل کو انڈیا اسلامک سنٹر میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس دیا جائے گا۔ جس کا اہتمام آل انڈیا تنظیم علمائے حق کر رہی ہے۔