ہمیں پریشان حال لوگوں کے لیے رحمت بن کر ابھرنا ہے/ سید سعادت اللہ حسینی
نئی دہلی : (پریس ریلیز) کرونا کے سبب پیدا معاشی دشواریوں سے معاشرے کو باہر نکالنے کے لیے، وژن 2026 کی معاون این جی او سہولت مائیکرو فائنانس نے ملکی سطح پرلوگوں کو اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑا ہونے میں سہارا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملکی سطح پر لانچ کیے گئے اس پروجیکٹ سے ان لوگوں کی مدد کی جائے گی جو لاک ڈاون کے سبب اپنے کاروبار کھو چکے ہیں ۔ پہلے ایک برس میں 10 ہزار لوگوں کو مصیبت سے نکالنے کا ہدف طے کیا گیا ہے ۔ اس پروجیکٹ کا نام ‘کوڈ-19 ہینڈ ہولڈنگ’ دیا گیا ہے جس کا مقصد کرونا کی مشکلات سے لوگوں کونکالنا ہے ۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مرکز جماعت میں اس پروجیکٹ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت مشکل گھڑی ہے کروڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں لاکھوں خاندان فاقہ کشی کا شکارہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے ہم لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اٹھیں ،مجھے خوشی ہے کہ یہ پروجیکٹ اپنے متعینہ مدت میں تیار ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا کے دوران لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہمارے ڈاکٹروں ، سماجی کارکنوں نے میڈیکل ریلیف پہونچا کر بڑی اہم ذمہ داری ادا کی اور اب ایک بار پھر ضرورت آپڑی ہے کہ پریشان حال لوگوں کے چہروں پر دوبارہ خوشیاں لانے کا کام کریں ان کی معاشی دشواریوں کو دور کرنے کا کام کریں ۔ ہمیں پریشان حال لوگوں کے لیے رحمت بن کر ابھرنا ہے ۔
ان سے قبل نائب امیر جماعت سید محمد جعفر نے جماعت کی خدمت خلق کے کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل میں کوآپریٹیو طریقہ کار کافی کار آمد رہا ہے اور اس وقت پورے ملک پر غربت اور افلاس کے بادل چھائے ہوئے ہیں ہم اسے دور کرنے کے لیے ملکر کوشش کریں ۔
پروجیٹ کے سربراہ ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے جنرل سیکریٹری معظم نائک نے اپنی گفتگومیں پروجیکٹ کا تفصیلی تعارف کرایا ،انہوں نے کہا کہ کرونا کی پہلی لہرکے دوران لاک ڈاون میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو فوری ضرورت کے تحت کھانے پینے کی اشیا پہونچائی گئیں ، دوسری لہر کے دوران بڑے پیمانے پر میڈیکل ریلیف کاکام ہوا اور اب تیسرا مرحلہ معاشی بدحالی کو دور کرنے کا ہے ۔ آئیے اس مہم کا حصہ بن کر معاشرے کو سہارا دینے کا کام کریں ۔
اس موقع پر پروجیکٹ کی ویب سائٹ اور ایپ کا بھی افتتاح ہوا ، سہولت مائکرو فائنانس کے ذمہ دار محمد اسامہ نے ایپ کا تعارف کرایا ۔ اس ایپ کے ذریعے کوئی بھی پروجیکٹ کو اپنا تعاون دے سکتا ہے ضرورت مندوں کی نشاندہی بھی ایپ کے ذریعہ کی جا سکے گی تاکہ عملی اقدامات میں تیزی لائی جاسکے ۔ اس پروجیکٹ کا سب سے اہم حصہ عملی اقدامات کا جائزہ لینا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جائے سکے کہ معاشرے پر کیا اثرات پڑے اور کتنا کامیابی ملی ۔
جاری کردہ
ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نئی دہلی