WEB DESK

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ہیلی کاپٹر اس ہفتے کے آغاز میں کورسک کے دورے کے دوران ایک بڑے یوکرینی ڈرون حملے کے “مرکز” میں آگیا، تاہم فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صدر کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ یہ انکشاف ایک روسی فوجی کمانڈر نے روسی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔

فضائی دفاعی ڈویژن کے کمانڈر یوری داشکن کے مطابق، جب صدر پیوٹن کورسک کے “آزاد شدہ” علاقے کے پہلے دورے پر تھے، اس دوران یوکرینی ڈرونز کی ایک بڑی تعداد نے حملہ کیا، تاہم روسی فضائی دفاعی یونٹس نے حملے کو ناکام بنادیا۔

یاد رہے کہ روسی وزارت خارجہ کے مطابق، یوکرین نے حالیہ دنوں میں روسی سرزمین پر ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ صرف منگل سے جمعہ کے دوران 764 ڈرونز کو فضا میں تباہ کیا گیا۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں کی شدت میں کمی نہیں آئی، اور گزشتہ دو دنوں میں بھی سینکڑوں ڈرونز مار گرائے گئے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد روسی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنا اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانا ہے، تاہم جدید دفاعی نظام کے ذریعے ان حملوں کو بڑی حد تک ناکام بنایا گیا ہے۔