Last Updated on September 16, 2025 9:56 pm by INDIAN AWAAZ

خصوصی نامہ نگار
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھنے اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کے لئے منشیات کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونی چاہئے۔ نئی دہلی میں منعقدہ دوسری نیشنل کانفرنس آف اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (ANTF) سربراہان ریاست و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اب حکومت کی حکمتِ عملی صرف چھوٹے اسمگلروں کو پکڑنے تک محدود نہیں ہے بلکہ پورے منشیات کے کارٹیلز کو توڑنے پر مرکوز ہے جو مختلف سطحوں پر سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت چھوٹے ڈیلروں کے ساتھ ساتھ بڑے کارٹیلز کے خلاف بھی بے رحمانہ کارروائی کر رہی ہے۔ مسٹر شاہ نے بتایا کہ سخت اقدامات کے ذریعے اسمگلنگ کے داخلی راستوں، تقسیم کاری، مقامی فروخت اور اس کاروبار کے اصل ماسٹر مائنڈز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تین طرح کے کارٹیلز کو ختم کرنا ضروری ہے: وہ جو سرحدی داخلی راستوں پر سرگرم ہیں، وہ جو ریاستوں تک منشیات پہنچاتے ہیں، اور وہ جو چھوٹے علاقوں میں فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے ہر ریاست سے اپیل کی کہ وہ اعلیٰ سطحی حکمتِ عملی تیار کرے جس میں ریاستی و ضلعی پولیس شامل ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈارک نیٹ تجزیہ، کرپٹو کرنسی ٹریکنگ، کمیونیکیشن پیٹرن اینالیسس، لاجسٹکس، مالی بہاؤ کا تجزیہ، میٹا ڈیٹا اینالیسس اور مشین لرننگ ماڈلز کو استعمال میں لایا جائے تاکہ ان کارٹیلز پر قابو پایا جا سکے۔
مسٹر شاہ نے بتایا کہ اس وقت ملک کے 372 اضلاع میں منشیات سے پاک بھارت مہم چل رہی ہے، جس میں دس کروڑ افراد اور تین لاکھ تعلیمی ادارے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ہر ضلع میں چلائی جانی چاہئے اور تمام تعلیمی اداروں کو اس سے جوڑا جانا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تمام محکمے ایک سمت میں یکجا ہوکر کام نہیں کریں گے، اس مہم کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت ملک سے منشیات کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ بیرونِ ملک بیٹھے اسمگلروں کو ہندوستانی قوانین کے دائرے میں لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے نہ صرف منشیات کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ دہشت گردی اور دیگر جرائم پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ بھارت 2047 کے وژن کو پورا کرنے کے لئے نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا سب سے اہم ہے۔
کانفرنس میں 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس کے سربراہان کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے نمائندے شریک ہیں۔ دو روزہ یہ کانفرنس وزیر اعظم کے منشیات سے پاک بھارت کے عزم کو مضبوط کرنے اور اس ہدف کے حصول کے لئے روڈ میپ تیار کرنے کا ایک اسٹریٹجک پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی سالانہ رپورٹ 2024 جاری کی اور آن لائن ڈرگ ڈسپوزل مہم کا آغاز کیا۔ کانفرنس میں آٹھ تکنیکی اجلاس ہوں گے، جن میں ڈرگ فری انڈیا @2047، تحقیقات اور مقدمات کی مؤثر کارکردگی میں بہتری، اور نیٹ ورک و کارٹیلز کو توڑنے جیسے موضوعات شامل ہیں۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے: “متحدہ عزم، مشترکہ ذمہ داری”۔
