Last Updated on February 9, 2026 11:25 pm by INDIAN AWAAZ

SPORTS DESK
کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ انڈیا بمقابلہ پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا میچ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ممکنہ طور پر میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے اب 15 فروری کو بھارت کے خلاف میدان میں اترنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت کے بعد یہ طے پایا کہ روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ شائقین، کرکٹ کمیونٹی اور عالمی کھیلوں کی دنیا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایشیا کی سب سے بڑی کرکٹ رقابت ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری لنکن صدر کی خصوصی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں سری لنکن صدر نے کہا کہ پاکستان کو سری لنکا میں ہونے والا یہ میچ ضرور کھیلنا چاہیے۔
سری لنکن صدر نے گفتگو میں یاد دلایا کہ دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سہارا دیا اور دہشت گردی کے باوجود پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے دورے کرتی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ترجیح دی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مشکل حالات میں سری لنکا نے بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ کو جاری رکھا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دور میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے ایک ناقابلِ فراموش قدم اٹھایا۔
وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی ہے۔ بی سی بی کے بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان اس اہم میچ میں شرکت کرے تاکہ ورلڈ کپ کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس حوالے سے کہا کہ آئی سی سی اور بنگلہ دیش میں بات چیت جاری ہے اور جب کوئی خود چل کر آئے تو بہت سی باتیں بھول جانی چاہئیں۔
واضح رہے کہ پاک بھارت میچ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ رقابتوں میں شمار ہوتا ہے، جسے دیکھنے کے لیے لاکھوں شائقین بےتاب رہتے ہیں اور عالمی اسپورٹس کمیونٹی کی نظریں بھی اسی مقابلے پر جمی ہوتی ہیں۔
