Last Updated on November 22, 2026 2:18 pm by INDIAN AWAAZ

نئی دہلی: 500 سے زائد خواتین، سماجی کارکنوں، ماہرین تعلیم، وکلا، مصنفین، فنکاروں، طلبہ اور مختلف شعبوں سے تعلق
رکھنے والے شہریوں نے بلقیس بانو کے نام ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے 28 اکتوبر 2026 کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے گینگ ریپ اور ان کے خاندان کے 14 افراد، بشمول تین سالہ بیٹی، کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزمین کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی تھی۔ یہ جرائم 2002 کے گجرات فسادات کے دوران پیش آئے تھے۔
کھلے خط میں اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بلقیس بانو، جو انصاف کے حصول کے لیے گزشتہ 24 برس سے جدوجہد کر رہی ہیں، انہیں ایک بار پھر خوف، عدم تحفظ اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انصاف کے لیے انہیں بار بار عدالتوں اور قانونی مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے۔
خط کے دستخط کنندگان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات صرف بلقیس بانو تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ جنسی تشدد اور نفرت پر مبنی جرائم کے تمام متاثرین پر بھی پڑیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ناری شکتی‘ کے نعروں کے باوجود یہ فیصلہ ملک کی ہر بلقیس بانو کی برسوں کی جدوجہد کو پیچھے دھکیلنے کے مترادف ہے اور ایسے جرائم کرنے والوں کو استثنیٰ کے احساس کے ساتھ مزید جرائم کے لیے حوصلہ دے سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بلقیس بانو کی جدوجہد فرقہ وارانہ نفرت، پدرشاہی تشدد اور آئینی تحفظات کے کمزور ہونے کے خلاف وسیع تر لڑائی سے جڑی ہوئی ہے۔ اس میں ہندوستان میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورت حال کی جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے، جہاں ان کی شہریت، عزت اور آئینی حقوق کو بار بار سوالوں کے دائرے میں لایا جا رہا ہے۔
دستخط کنندگان نے مطالبہ کیا ہے کہ بلقیس بانو کی آواز سنی جائے، ان کی اور ان کے خاندان کی سلامتی یقینی بنائی جائے اور عدالتی کارروائیوں میں متاثرین کے حقوق کو مرکزی اہمیت دی جائے۔
بلقیس بانو کے ساتھ غم، غصے، مزاحمت اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خط پر دستخط کرنے والوں نے عہد کیا ہے کہ وہ انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد بلقیس بانو کے ان عزیزوں کے لیے بھی ہے جنہیں انہوں نے کھو دیا، انصاف کے لیے اور ایسے ملک کے لیے ہے جو اپنے تمام شہریوں کا برابر کا ہے، جہاں ہر فرد کو یکساں حقوق اور وقار حاصل ہو۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔
