Last Updated on November 21, 2026 12:17 am by INDIAN AWAAZ

UN NEWS

نوجوانوں کو اصولی طور پر میسر مواقع اور عملی زندگی کی حقیقتوں کے درمیان خلیج مسلسل وسیع ہوتی جا رہی ہے۔ بالغ زندگی میں قدم رکھنے والے لاکھوں نوجوانوں کے لیے خودمختاری حاصل کرنا اور اپنے مستقبل کی تشکیل میں موثر کردار ادا کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) کی جانب سے رواں سال دنیا کی آبادی کی صورتحال سے متعلق رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ آج نوجوانوں کےپاس تعلیم کے زیادہ مواقع ہیں، معلومات کے ذرائع تک ان کی رسائی پہلے سے کہیں بہتر ہے اور وہ اپنے حقوق کے بارے میں بھی گزشتہ نسلوں کی نسبت زیادہ آگاہ ہیں۔ تاہم، یہ پیش رفت انہیں باعزت روزگار کے حصول، مالی خودمختاری، رہائش کی سہولت، مستحکم ازدواجی و سماجی تعلقات قائم کرنے یا خاندان شروع کرنے کے قابل نہیں بنا سکی۔

‘یو این ایف پی اے’ کے مطابق، دنیا بھر میں بہت سے نوجوان ایسے حالات میں بالغ ہو رہے ہیں جہاں معاشی عدم تحفظ، تنازعات، موسمیاتی تبدیلی، تیز رفتار تکنیکی ترقی اور بڑھتی ہوئی سماجی ناہمواری ان کے راستے میں رکاوٹ ہے۔

ان میں سے بعض نوجوان مالی اور معاشرتی مشکلات کے باعث خودمختاری حاصل کرنے، ازدواجی تعلقات قائم کرنے یا اولاد پیدا کرنے جیسے اہم مراحل کو زندگی کے نسبتاً آخری حصے تک موخر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ بعض غربت اور بحرانی حالات کے باعث کم عمری ہی میں بالغوں جیسی ذمہ داریاں اٹھانے لگتے ہیں۔

تعلیم اور روزگار تک عدم رسائی

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 20 فیصد نوجوان نہ تو ملازمت کرتے ہیں، نہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی تربیت میں مصروف ہیں۔ اس صورتحال سے دوچار نوجوان خواتین کی تعداد مردوں کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔ کم آمدنی والے ممالک میں ہر پانچ میں سے چار نوجوانوں کو مستقل اور معاوضے والی ملازمت میسر نہیں۔

ادارے کے ایک جائزے میں 73 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زیادہ ایسے نوجوانوں نے حصہ لیا جنہیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل تھی۔ سروے کے نتائج سے سامنے آیا کہ مالی عدم تحفظ ازدواجی رشتے قائم کرنے یا اولاد پیدا کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

دوسری جانب، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ برائے نوجوانان کے دفتر کے جائزے سے سامنے آیا ہے کہ 30 سال سے کم عمر کے تقریباً 76 فیصد نوجوانوں کا کہنا ہے کہ سیاست دان ان کی بات نہیں سنتے اور نہ ہی ان کے مسائل کو اہمیت دیتے ہیں۔

مستقبل میں سرمایہ کاری

‘یو این ایف پی اے’ کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈین کیتا نے کہا ہے کہ نوجوان خودمختار زندگی اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں اور ان میں سے بہت سے اولاد بھی چاہتے ہیں۔ لیکن معاشی عدم تحفظ، رہائش کے بڑھتے ہوئے اخراجات، تنازعات اور سماجی محرومی جیسے عوامل ان کی راہ میں حائل ہیں۔ ان خواہشات کو قابل عمل امکانات میں تبدیل کرنے کے لیے حالات سازگار بنائے جانا چاہئیں۔

ادارے نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کوششیں مزید تیز کریں تاکہ ایسے سازگار حالات پیدا کیے جا سکیں جن میں نوجوان اپنی زندگی کے اہم مراحل طے کر سکیں۔