Last Updated on November 11, 2026 12:22 am by INDIAN AWAAZ

عالمی یوم اردو کے موقع پر اردو زبان و ادب کی 30 ممتاز شخصیات اعزاز سے سرفراز

نئی دہلی: اردو ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، ثقافت اور گنگا جمنی روایت کا ایک اہم حصہ ہے، جس نے ہمیشہ مختلف مذاہب، زبانوں اور طبقوں کے درمیان محبت، بھائی چارے، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ عالمی یوم اردو کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں مقررین نے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان اور اس کے رسم الخط کے تحفظ و فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، خصوصاً نئی نسل کو اردو پڑھنے اور لکھنے کی طرف راغب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

عالمی یوم اردو کے موقع پر 9 نومبر کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے غالب اکیڈمی، نئی دہلی میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے مشترکہ اہتمام میں منعقدہ اس پروگرام میں علمی، ادبی، تعلیمی اور سماجی شعبوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا عنوان ’اردو رسم الخط کو رواج دینا‘ تھا۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب، تعلیم، طب اور سماجی خدمات کے میدان میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والی ملک بھر کی تقریباً 30 شخصیات کو یادگاری نشان، شال اور توصیفی اسناد پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب کی صدارت معروف ادیب اور دانشور پروفیسر عبدالحق نے کی، جبکہ پروگرام کا آغاز مولانا حکیم مرتضیٰ دہلوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

صدارتی خطاب میں پروفیسر عبدالحق نے کہا کہ نئی نسل کو اردو زبان کی اہمیت اور اس کی تاریخی و تہذیبی حیثیت سے واقف کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور مشترکہ وراثت کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے اردو کو عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت عطا کی۔ ان کے خیالات اور پیغامات آج بھی انسانیت اور نوجوان نسل کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اردو کے وسیع علمی و ادبی سرمائے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ زبان ہماری تہذیبی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش حصہ ہے۔

اس موقع پر اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو رسم الخط کو رواج دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اردو کو صرف بول چال کی زبان تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ نئی نسل میں اسے پڑھنے اور لکھنے کا شوق بھی پیدا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو اردو سے جوڑا جائے اور ان کے اندر اپنی زبان اور تہذیبی وراثت کے تئیں محبت اور وابستگی کا احساس پیدا کیا جائے۔ اگر نئی نسل اردو رسم الخط سے دور ہوتی گئی تو زبان کے علمی اور ادبی سرمائے تک اس کی رسائی بھی محدود ہو جائے گی

معروف ادیب معصوم مرادآبادی نے ’اردو رسم الخط کو رواج دینا‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو کی ترقی اور فروغ کے لیے محض تقریبات منعقد کرنا کافی نہیں، بلکہ عملی سطح پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ جب تک نئی نسل اردو پڑھنے اور لکھنے کی عادت نہیں اپنائے گی، اس وقت تک زبان کی حقیقی ترقی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کو اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو اردو سیکھنے اور اس کے رسم الخط سے واقف ہونے کے زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں۔

اس موقع پر تحسین علی آساروی نے اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے اخبارات، رسائل، کتابوں اور جدید ذرائع ابلاغ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جانا چاہیے۔ بچوں کو اردو پڑھنے اور لکھنے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے، تاکہ آنے والی نسلوں میں بھی یہ زبان زندہ اور توانا رہے۔

دیگر مقررین نے بھی اردو زبان کی تاریخی اہمیت، ادبی خدمات اور موجودہ دور میں اس کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو نے آزادی کی تحریک، صحافت، شاعری، ادب اور سماجی اصلاح کے میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس زبان نے مختلف برادریوں کو قریب لانے اور معاشرے میں محبت، رواداری اور انسانی اقدار کو فروغ دینے میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی صدر ڈاکٹر عریضہ احمد خان نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے ہر سال 9 نومبر کو عالمی یوم اردو منانے کی روایت کو مسلسل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اردو سے محبت کرنے والوں اور ادبی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی مناسبت سے بامقصد پروگرام منعقد کریں اور اردو کے فروغ کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔

انہوں نے 1997 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور کے معروف صحافی محفوظ الرحمن نے یہ اہم تجویز پیش کی تھی کہ جس طرح ہندی زبان کے فروغ کے لیے ہندی دیوس منایا جاتا ہے، اسی طرح اردو کے لیے بھی سال میں کم از کم ایک دن مخصوص ہونا چاہیے۔ اس تجویز کو عملی شکل دیتے ہوئے 9 نومبر کو علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے اردو دیوس منانے کی روایت شروع ہوئی، جو رفتہ رفتہ ملک گیر سطح پر مقبول ہوتی چلی گئی اور آج ایک اہم ادبی و تہذیبی شناخت اختیار کر چکی ہے۔

تقریب میں عالمی یوم اردو کی مناسبت سے خصوصی پیشکشیں بھی پیش کی گئیں اور مختلف علمی، ادبی، تعلیمی، طبی اور سماجی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

پروگرام کے منتظمین نے اس بات پر زور دیا کہ اردو کو صرف مشاعروں، ادبی تقریبات اور رسمی پروگراموں تک محدود رکھنے کے بجائے گھروں، تعلیمی اداروں اور روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو پڑھنا، لکھنا اور بولنا ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت کو محفوظ رکھنے کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔

تقریب کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر سید احمد خان کے علاوہ عمران کنوجی، حکیم مرتضیٰ، ڈاکٹر غیاث، ڈاکٹر شکیل احمد اور ایڈووکیٹ شاہ ذبیح قاضی نے اہم کردار ادا کیا۔