Last Updated on January 23, 2026 2:09 pm by INDIAN AWAAZ
نئی دہلی، 23/جنوری :
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (رجسٹرڈ) کی گورننگ باڈی کا ایک اہم اجلاس آج یہاں اوکھلا میں واقع اس کے دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر ظفرالاسلام خاں (صدر مشاورت)نے کی۔ دیگر شرکاء میں کارگزار صدر پروفیسر محمد سلیمان، نائب صدر مفتی عطا ء الرحمن قاسمی، جنرل سیکریٹری معصوم مرادآبادی، ورکنگ جنرل سیکریٹری سید تحسین احمد، خزانچی شمس الضحیٰ کے علاوہ اہم ارکان میں ابرار احمد مکی اور سہیل انجم شریک ہوئے۔ میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور سب سے پہلے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر منظور عالم کے انتقال پر ایک تعزیتی قرارداد منظور کی گئی جس میں ان کی ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیااور دعائے مغفرت کی گئی۔ بعدازاں قومی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ قومی مسائل کے دوران بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف ہورہی لگاتار کارروائیوں پر تشویس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے لیے قانونی راستے اختیار کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے ساتھ ہی بین الاقومی امور پر بحث کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور سرگرمیوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قراردیا گیا۔ میٹنگ میں طے پایا کہ جلد ہی قومی امور پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں برادران وطن کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
