بھارت سمیت دنیا بھر میں آج کرسمس کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں مسیحی برادری کے لوگ عیسیٰ مسیح کی ولادت کی یاد میں یہ دن مناتے ہیں۔ اِس موقع پر لوگ گھروں کو کرسمس Tree، روشنی اور پھولوں سے سجاتے ہیں اور ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی پیش کرتے ہیں۔صدر جمہوریہ، نائب صدر اور وزیر اعظم نے کرسمس کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرسمس کے تہوار سے پیار، محبت اور ہمدردی کا پیغام ملتا ہے۔نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیسیٰ مسیح کی زندگی، ہمدردی، رحم دلی، پیار محبت اور معافی کی اقدار کا درس دیتی ہے۔ جناب دھنکھڑ نے اِن دائمی اقدار کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، جس سے ہر ایک کے رشتے مضبوط ہوں گے اور زندگی میں نکھار آئے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لوگوں کو تلقین کی ہے کہ وہ میل ملاپ اور رحمدلی کے جذبے کو فروغ دیں، جو کرسمس کی عکاسی کرتا ہے۔ جناب مودی نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ وہ ایک ایسی دنیا قائم کرنے کیلئے کام کریں جہاں ہر ایک شخص صحتمند اور خوش و خُرّم رہے۔ وزیر اعظم نے عیسیٰ مسیح کی اہم تعلیمات کا بھی ذکر کیا۔