جاپان کے سابق وزیر اعظم آبے شِنزو مغربی جاپان کے نارا پریفیکچر میں گولی ماردیے جانے کے بعد سڑک پر گر گئے۔ وہ ایک انتخابی مہم کیلئے خطاب کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے اُن میں کوئی حیات بخش علامات نظر نہیں آ رہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
جناب آبے نارا شہر میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک امیدوار کیلئے مہم چلا رہے تھے۔ وہ دن کے لگ بھگ ساڑھے گیارہ بجے گر گئے تھے جس کے بعد انہیں ایک ہسپتال لے جایا گیا۔
آگ بجھانے والے محکمے کا کہنا ہے کہ وہ اس حالت میں ہیں کہ اُن کا دل خون کی پمپنگ نہیں کر رہا۔ اُنہیں ہیلی کاپٹر وغیرہ کے ذریعے اسی پریفیکچر کے کاشی ہارا شہر میں واقع نارا میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال لے جایا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ جناب آبے کو ایک شاٹ گن سے عقب سے گولی ماری گئی ہے۔
پولیس نے بظاہر 40 کے پیٹے کے ایک شخص کومبینہ طور پر قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے اور اُس سے تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کیمطابق، اُنہوں نے جائے وقوعہ پر ایک گن قبضے میں لے لی ہے جو بظاہر مذکورہ شخص لیے ہوئے تھا۔
این ایچ کے کی ایک نامہ نگار جو جائے وقوعہ پر موجود تھیں، اُن کا کہنا ہے کہ جناب آبے کا خون بہہ رہا تھا۔ اس نامہ نگار نے دو بار گن چلنے جیسی آوازیں سنی تھیں۔
جائے وقوعہ نارا شہر میں یاماتو سائیدائیجی اسٹیشن کے قریب ہے۔