WEB DESK
مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ19- سے صحتیابی کی شرح 89 فی صد سے تجاوز کرگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ کے 79 ہزار سے زیادہ مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ صحتیاب ہونے والوں کی کُل تعداد 68 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس وقت کووڈ19- سے متاثر ہونے والوں میں سے صرف 9 اعشاریہ دو نو فیصد مریض ہی زیر علاج ہیں۔ سرِدست ملک میں سات لاکھ 15 ہزار مریض زیر علاج ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 55 ہزار 838 نئے معاملات کی اطلاع ملی ہے جس کے ساتھ کووڈ۔19 سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 77 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ بھارت میں فی دس لاکھ کی آبادی پر سب سے کم مریض کے اس بیماری سے متاثر ہونے کی خبرملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت میں فی الحال شرحِ اموات ایک اعشاریہ پانچ ایک فیصد ہے، جو دنیا میں سب سے کم شرح اموات میں سے ایک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 702 اموات کی خبر ملی ہے، جس کے بعد اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 616 ہوگئی ہے۔