نئی دہلی ۔ نمائندہ خصوصی
کووِڈ 19- وبا اور شدت بھری گرمی کے درمیان آنے والا ماہ مبارک رمضان شریف مزاج کے اعتبار سے گرم اور خشک ہوگا۔ اس لحاظ سے روزہ داروں کو خاص اہتمام کرنا ہے تاکہ روزہ رکھنا آسان ہو اور کووِڈ 19- سے بھی محفوظ رہا جاسکے۔ اس سلسلے میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس نے روزہ داروں کو کچھ مشورے دیے ہیں۔
طبّی کانگریس کے اعزازی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے انڈین آواز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ 19- وبا اور شدت بھری گرمی کے درمیان آنے والا رمضان شریف گرم خشک ہوگا۔ اس لحاظ سے روزہ داروں کو خاص اہتمام کرنا ہے تاکہ روزہ رکھنا آسان ہو اور کووِڈ 19- سے بھی محفوظ رہا جاسکے۔ ڈاکٹر سیّد احمد نے کہا کہ روزہ افطار اور سحری میں وہ غذائیں اور مشروب استعمال کیے جائیں جو ہماری ذاتی زندگی کے تجربات پر مشتمل ہوں۔ غذائیں اور مشروب وہی بہتر ہیں جو آسانی سے ہضم ہوجائیں اور پیاس کی شدت میں کمی لائیں۔

ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ موسم کے مزاج کے مطابق سرد وتر غذائیںاور مشروب کا استعمال کیا جائے جس سے روزہ کے دوران جسم میں پانی کی کمی بھی نہ ہونے پائے اور قوت مدافعت بھی برقرار رہے۔ انہوں نے بطور انتباہ یہ بھی مشورہ دیا کہ زیادہ چکنائی اور تلی ہوئی غذائیں، برف، بیسن اور میدہ سے پرہیز کیا جائے۔

اسی طرح اے سی کی جگہ کولر اور پنکھوں سے کام چلایا جائے اور فریج کی جگہ مٹکا یا صراحی کے پانی کا استعمال کیا جائے نیز وضو کے وقت پیلو، نیم یا ببول سے مسواک کیا جائے اور سحری میں کھانے سے پہلے ایک یا دو گلاس سادہ پانی پیا جائے اور چائے ترک کی جائے جبکہ افطار میں پھلوں کے چاٹ، لیموں وغیرہ کا شربت اور شیک کا استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ اپنے سالن میں لہسن، کالی مرچ، لونگ، دال چینی اور ہلدی وغیرہ کو شامل کیا جائے۔