واٹس ایپ کی پیمنٹ سروس
واٹس ایپ نے ملک میں اپنی مفت پیمنٹ سروس متعارف کرادی ہے ۔فیس بک کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ میں بتایا گیا کہ اس سروس کی بدولت لوگ اپنے پیاروں کو رقوم بھیج سکیں گے یا دور سے بھی کسی چیز کی قیمت ادا کرسکیں گے، جس کے لیے انہیں خود جاکر یا کسی مقامی بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بلاگ میں بتایا گیا کہ یہ محفوظ پیمنٹ سروس رقوم کی منتقلی کو کسی میسج بھیجنے جتنا آسان بنادے گی۔واٹس ایپ کی جانب سے 2018 میں بھارت میں ڈیجیٹل پیمنٹ سروس کی آزمائش محدود صارفین میں شروع کی گئی تھی اور جب سے وہ اسے متعارف کرانے کے لیے ریگولیٹری منظوری کا انتظار کررہی تھی۔اب واٹس ایپ کو یہ منظوری مل گئی ہے اور اس سروس کو آغاز میں 2 کروڑ صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔اس سروس سے لوگوں کو اپنے بینک اکا¶نٹس سے ایپ کے اندر منسلک ہونے کی سہولت ملے گی اور وہ دیگر کو رقوم بھیج سکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ سروس آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین ورژنز میں دستیاب ہوگی اور یو پی آئی انفراسٹرکچر پر مبنی ہے، جسے بھارت ے چند بڑے بینکوں نے تیار کیا۔اس سروس سے واٹس ایپ سپر ایپ بننے کے مقصد کے مزید قریب ہوگئی ہے، خاص طور پر بھارت میں، جہاں اس کے 40 کروڑ سے زائد صارفین ہیں۔اس سے پہلے برازیل میں واٹس ایپ نے اپنی پیمنٹ سروس متعارف کرائی تھی مگر اسے بہت جلد معطل کردیا گیا تھا۔
ہندوستان کے بعد برازیل میں واٹس ایپ کے سب سے زیادہ صارفین ہیں،فیس بک کے مطابق یہ فیچر بتدریج تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

 


سام سنگ کا گلیکسی ایم 21 ایس
سام سنگ نے اپنا نیا مڈرینج اسمارٹ فون گلیکسی ایم 21 ایس متعارف کرادیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے رواں سال مارچ میں گلیکسی ایم 21 متعارف کرایا گیا تھا اور اب اس پا نیا ورژن اپ گریڈ کیمروں کے ساتھ پیش کیا گیا۔گلیکسی ایم 21 ایس میں 6.4 انچ کا فل ایچ ڈی پلس ایس امولیڈ ڈسپلے دیا گیا جس کے ساتھ کمپنی کا اپنا پراسیسر ایکسینوس 9611 موجود ہے۔یہ فون 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔فون میں اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
اس فون کی ایک خاص بات اس کی طاقتور بیٹری تھی جو 6000 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔کمپنی نے گزشتہ سال 6000 ایم اے ایچ بیٹری کے بارے میں بتایا تھا کہ اس پر صارف 29 گھنٹے تک لگاتار ویڈیوز، 130 گھنٹوں تک آڈیو پلے بیک دیکھ یا سن سکتا ہے۔فون میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 64 میگاپکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا شامل ہے۔ فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا انفٹنی وی نوچ میں دیا گیا ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے برازیل میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جو بلیک اور بلیو رنگوں میں دستیاب ہوگا۔گلیکسی ایم 21 ایس کی قیمت 275 ڈالرز ہے۔

 

نیند کے لیے آیوروید
اگر آپ نے حال ہی میں طویل مدت تک نیند نہ آنے کے خطرناک اثرات کے بارے میں خبریں سنی ہیں اور اس بات کو لے کر تشویش میں مبتلا ہیں کہ روزانہ 7 سے 8 گھنٹے تک آنکھیں بند رکھنے کے باوجود آپ کو نیند نہیں آتی تو آپ کے لیے ہندوستان کی قدیمی طبی روایات کی طرف سے کچھ اچھی خبریں ہیں۔ آیوروید میں‘انیدرا’کے نام سے مشہور مطالعہ کا وسیع میدان کم خوابی اور اس سے متعلق دیگر حالات کی تفصیلات پیش کرتا ہے اور اس میں وقت کی کسوٹی پر کھرا اترنے والے چند مثبت علاج بھی ہیں۔نارتھ ایسٹرن انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید اینڈ ہومیوپیتھک،شیلانگ کے تحقیقی رسالہ‘آیوہوم’میں شائع حالیہ کیس اسٹڈی سے انیدرا سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں آیورویدکی اثر انگیزی کی حمایت میں نیاثبوت آیا ہے۔اس پس منظر میں‘انیدرا’کے مسائل کو دور کرنے میں آیوروید کی روایتی پنچ کرما تھیراپی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔مذکورہ بالا کیس اسٹڈی آیوروید کی اثرانگیزی کا ثبوت پیش کرتی ہے۔اسٹڈی کی رپورٹ بتاتی ہے کہ آیوروید سے علاج کی وجہ سے مریضوں کی حالت میں، خاص کر نیند سے جڑے مسائل میں کافی بہتری دیکھنے کو ملی۔ اس مطالعے میں علاج سے پہلے اور علاج کے بعد کی تمام علامات کا درجہ بند طریقے سے جائزہ لیا گیا، جس میں جمائی،سستی، نیند کے معیار وغیرہ کو شامل کیا گیا تھا اور تمام پیمانوں میں بہتری دیکھی گئی۔اس طرح یہ کیس اسٹڈی‘انیدرا’کو دور کرنے میں‘اشوگندھا تیلا ’کے ساتھ‘شیرودھارا’بشمول‘شمن چکتسا’سے علاج کی اہمیت کا ایک اور ثبوت پیش کرتی ہے۔میڈیکل سائنس کے مطابق کم خوابی کی وجہ سے صحت سے متعلق متعدد مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جیسے موٹاپااور قوت مدافعت میں کمی۔ آیوروید کی نظر میں‘نیدرا’یا نیندکو ‘تریوپ استمبھ’یعنی زندگی کے تین بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔