AMN

ٹیکسٹائلز، امور صارفین، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم اور تجارت وصنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے  2030 تک 250 ارب ڈالرکے  ٹیکسٹائل کی پیداوار اور 100 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیکسٹائل کی وزارت  کی جانب سے منعقدہ چنتن شیور کے دوران افسران اور عملے سے بات چیت کرتے ہوئے جناب گوئل نے ٹیکسٹائل شعبے کو زیادہ متحرک بنانے کیلئے جامع نقطہ نظر پر زور دیا تاکہ عالمی مسابقت کیلئے اسے تیار کیا جاسکے۔ انہوں نے افسران سے اختراعی خیالات سوچنے کیلئے اور بہترخدمات کی ترسیل کیلئے منظم ادارہ جاتی ڈھانچے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ٹیکسٹائلز  کی وزارت نے اس شعبے سے متعلق مختلف مسائل پر غوروفکر کیلئے 18 جولائی کو چنتن شیور کا انعقاد کیا تھا۔

ٹیکسٹائلز کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ درشنا جردوش نے اس سیشن کا افتتاح کیا ۔ محترمہ جردوش نے ملک کی اقتصادی ترقی میں ٹیکسٹائلز شعبے کی اہمیت اور اس ویلیو چین میں شامل تمام شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کیلئے اجتماعی توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ذکر کیا کہ یہ چنتن شیور اس شعبے سے متعلق اہم مسائل پر اجتماعی غوروفکر اور حل تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ اس سے ٹیکسٹائلز کی وزارت کے تحت آنے والے تمام دفاتر کے درمیان بہتر سمجھ اور تال میل کو فروغ دینے میں  بھی مدد ملے گی۔

دن بھر جاری رہنے والے اس چنتن شیور میں ٹیکسائلز کی وزارت کے ساتھ ساتھ علاقائی دفاتر کے افسران نے شرکت کی۔

اس دوران پانچ موضوعات یعنی- برآمدات کو فروغ دینے، سرمایہ-فراہمی کا حجم اور پیمانہ ، پائیداریت، فطرت سے انسان کے بنائے ہوئے فائبر کی طرف منتقلی اور خدمات کی ترسیل میں بہتری پر گروپ کے غوروفکر کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ متعلقہ گروپوں کی جانب سے مخصوص سفارشات اور درپیش مسائل کا حل  فراہم کرتے ہوئے تفصیلی پرزینٹیشن دی گئی۔ صلاحیت سازی کمیشن کے نمائندوں کی طرف سے ٹیم بلڈنگ سیشن نے شرکاء کے درمیان مواصلات اور بات چیت کو بڑھانے کا ایک موقع فراہم کیا۔

لائف اسٹائل کوچ اور موٹیویشنل اسپیکر جناب  گور گوپال داس اور کاما آیوروید کے سی ای او اور شریک بانی  جناب  وویک ساہنی نے شرکاء سے خطاب کیا اور اپنے نقطہ نظر اور تجربات سے آگاہ کیا۔