AMN

وزیر اعظم نریندر مودی نے کاروباریوں اور صنعتوں پر زور دیا ہے کہ آئندہ برسوں میں بھارت کو خود کفیل بنانے کےلئے اپنی تمام توانائی کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صنعت کے لئے دنیا کو اپنی صلاحیت، عزم اور جرات دکھانے کا یہی وقت ہے۔ انہوں نے یہ بات آج صبح ASSOCHAM فاؤنڈیشن ویک 2020 سے ورچوئل طریقے پر خطاب کرتے ہوئے اپنی ایک اہم تقریر میں کہی۔ جناب مودی نے کہا کہ دنیا تیزی سے چوتھے صنعتی انقلاب کی طرف بڑھ رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا؛ نئی ٹیکنالوجی کی شکل میں کئی چیلنج آئیں گے اور ان کا حل بھی آئے گا۔ اب وقت ہے کہ منصوبہ سازی کی جائے اور ان پر عمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 27سال بعد ہم ملک کی آزادی کی 100سالہ تقریبات منائیں گے۔ ان 27برسوں میں ہم نہ صرف بھارت کے خصوصی عالمی رول کا تعین کریں گے بلکہ یہ ہندوستانیوں کے خوابوں اور امنگوں کی امتحان کی بھی گھڑی ہوگی۔
وزیراعظم نے صنعت کار رتن ٹاٹا کو ASSOCHAM Enterprise of the Century award پیش کیا۔ انہوں نے ٹاٹا گروپ کی طرف سے اسے وصول کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 100سال سے ASSOCHAM اور ٹاٹا گروپ ملک کی معیشت اور کروڑوں ہندوستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے کام کرتے رہے ہیں۔ ASSOCHAM کو بھارت کے تمام خطوں کی نمائندگی کرنے والے چیمبرس نے 1920میں قائم کیا تھا۔