بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کی میٹنگ نئی دلّی میں ہوئی
اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی میٹنگ آج یہاں شروع ہوئی، جس میں 38 چھوٹی بڑی علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ سال 2024 لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ سے مقابلہ کرنے کے لئے ایک مشترکہ حکمت عملی پر بحث ہونی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سماج کے تمام طبقات بشمول نوجوان، خواتین، متوسط طبقہ، دلت اور پسماندہ افراد کو قومی جمہوری اتحاد-این ڈی اے پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے تین خطوط میں سے این کا مطلب ہے نیو انڈیا، ڈی کا مطلب ترقی یافتہ قوم اور اے کا مطلب عوام کی خواہش ہے۔
وزیر اعظم آج نئی دہلی میں منعقدہ این ڈی اے کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نے اپنے سفر کے 25 سال مکمل کر لیے ہیں اور اب قوم ایک ترقی یافتہ اور خود انحصار ملک بننے کے اگلے 25 سالوں کے ہدف کو حاصل کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کسی پارٹی کی مخالفت میں نہیں بنی بلکہ ملک میں استحکام لانے کے لیے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک میں مستحکم حکومت ہوتی ہے تو وہ ملک جرات مندانہ فیصلہ کرنے کے قابل ہوتا ہے جس سے ملک کا رخ بدل جاتا ہے۔
میٹنگ میں شرکت کرنے والے دیگر رہنماؤں میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اجیت پوار اور پرفل پٹیل، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) چراغ پاسوان اور پشوپتی پارس، آسام گنا پریشد کے رہنما اور آسام حکومت میں وزیر اتل بورا، ہریانہ جن نائک جنتا پارٹی (جی جی پی) کے رہنما اور نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ، راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے اپیندر کشواہا، جن سینا کے سربراہ پون کلیان وغیرہ شامل تھے۔
بی جے پی صدر مسٹر نڈا نے کل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ این ڈی اے میٹنگ میں 38 پارٹیوں کے نمائندوں کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ کرناٹک کے بنگلورو میں آج 26 اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ ہوئی جس میں سال 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے ‘یونائیٹیڈ وی اسٹینڈ’ کے بینر تلے ایک نیا اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ‘انڈین نیشنل ڈیموکریٹک انکلوسیو الائنس (انڈیا)’ کی تشکیل کا اعلان کیا گیا۔ اس اتحاد کے سامنے آنے کے بعد یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے) تقریباً غیر متعلق ہو گیا ہے۔
بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ میٹنگ اور این ڈی اے کے اجلاس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن اتحاد پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ ان پارٹیوں کی ‘دکان’ پر دو چیزوں کی ضمانت ہے۔ اول تو وہ اپنی دکان پر ذات پات کا زہر بیچتے ہیں اور دوسرا یہ کہ یہ لوگ لامحدود کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ‘ملک کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ ‘کٹر کرپشن کانفرنس’ ہے۔