غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے روز اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے بڑی مقدار میں امدادی سامان علاقے میں پہنچایا ہے۔ ہفتے کو یہ سامان لے کر 61 ٹرک علاقے میں پہنچے جو ایک روز کے دوران پہنچائی جانے والی سب سے بڑی امداد ہے۔
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ ہفتے کو امدادی سامان کے مزید 200 ٹرک اسرائیل کے علاقے نٹزانا سے غزہ کے لیے روانہ ہوئے۔ ان میں سے 187 مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے غزہ میں داخل ہوئے۔
اس سامان میں خوراک، پانی اور ہنگامی ضرورت کا طبی سامان شامل ہے۔ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال سے مریضوں کے انخلا میں مدد دینے کے لیے گیارہ ایمبولینس گاڑیاں، تین چھوٹی بسیں اور ایک بڑا ٹرک بھی مہیا کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید 129,000 لٹر ایندھن بھی غزہ میں پہنچایا گیا ہے۔
مدد کی اجتماعی کوششیں
ادارے نے اس کوشش میں شامل متعدد فریقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین اور مصر کی ہلال احمر سوسائٹیوں کی مدد کے بغیر اس سامان کی فراہمی ممکن نہ ہوتی۔ جنگ بندی کے وقفے جس قدر طویل ہوں گے اتنی ہی زیادہ مقدار میں امداد غزہ کے شہریوں کو پہنچائی جا سکے گی۔
یرغمالی اور قیدی
ایک بیان میں ادارے نے ہفتے کو حماس کی قید سے مزید یرغمالیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے باقی ماندہ تمام قیدیوں کو فوری اور غیرمشروط طور پر آزاد کرنے کے لیے کہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی قید سے مزید فلسطینی قیدیوں کی رہائی ان کے اہلخانہ اور عزیزوں کے لیے اطمینان کا باعث ہو گی۔
غزہ میں جمعے کی صبح سے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ہے۔ اس کی بدولت اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اور ان کے شراکت دار بڑی مقدار میں امداد پہنچا رہے ہیں۔