عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چالیس ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی گیارہ لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے بدترین متاثرہ ملک امریکا، بھارت اور برازیل ہیں، تاہم اب یہ وائرس ایک مرتبہ پھر براعظم یورپ میں بھی دوبارہ پھیلتا جا رہا ہے۔ براعظم یورپ میں اسی تناظر میں متعدد ممالک کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پابندیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پولینڈ میں ایک قومی اسٹیڈیم کو عارضی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آسٹریا میں بھی چھ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔