حکومت نے آج بھارت کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ، بھارت رتن، سابق وزراءاعظم پی وی نرسمہا راؤ ، چودھری چرن سنگھ
اور سبز انقلاب کے بانی ڈاکٹر MS سوامی ناتھن کو دیئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ پر کیا ہے۔اس اعلان پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ نے ایک نامور اسکالر، دانشور کی حیثیت سے مختلف صلاحیتوں کے ساتھ بھارت کیلئے زبردست خدمات انجام دیں۔ انھوں نے کہا کہ اُن کی بصیرت افروز قیادت نے بھارت کو اقتصادی طور پر جدید بنانے میں ایک آلہ کار کے طور پر کام کیا ہے اور ملک کی خوشحالی اور ترقی کی ایک مضبوط بنیاد رکھی۔جناب مودی نے مزید کہا کہ بھارت کی خارجی پالیسی، زبان اور تعلیم کے سیکٹروں میں اُن کا تعاون نمایاں ہے۔سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ بھارت رتن ملک کے تئیں اُن کے بلا مقابلہ تعاون کے تئیں وقف ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انھوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کے حقوق اور بہبود کےلئے وقف کردی تھی۔ جناب مودی نے ایمرجنسی کے خلاف اُن کے مؤقف کو بھی سراہا اور کہا کہ چودھری چرن سنگھ کا کسانوں کیلئے وقف ہونا اور جمہوریت کے تئیں اُن کا عزم پورے ملک کو تحریک دے رہا ہے۔