پیغمبر اسلام کے متنازعہ خاکوں کی اشاعت کے بعد عرب دنیا کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے فرانسیسی وزیر خارجہ آج اتوار کو مصر پہنچ گئے۔ پیرس میں وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق ژاں اِیو لدریاں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے تجویز کردہ اس عمل کا آغاز کر رہے ہیں، جس کا مقصد مسلم دنیا میں پائے جانے والے غم و غصے میں کمی لانا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جامعہ الازہر کے مفتی اعلیٰ احمد الطیب سے بھی ملاقات کریں گے۔ احمد الطیب نے صدر ماکروں کے ایک حالیہ لیکن متنازعہ سمجھے جانے والے بیان کو نسل پرستانہ اور نفرت پر مبنی قرار دے کر اس کی شدید مذمت کی تھی۔