وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرنے اور اپنے دفاعی شعبے کو آتم نربھربنانے کیلئے تیزی سے کام کررہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ حکومت نے اندرونِ ملک دفاعی سازوسامان تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اِس فیصلے نے 130 کروڑبھارتیوں کو ووکل فار لوکل نظرےے کیلئے کام کرنے کی تحریک دی ہے۔
جناب مودی نے یہ بات کل دیوالی تقریبات کے دوران راجستھان میں جیسلمیر ضلع کی تاریخی لونگے والا چوکی پر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب مودی نے کہا کہ دنیا اب سمجھتی ہے کہ بھارت اپنےمفادات سے کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارت بین الاقوامی فورموں میں اپنے خیالات واضح طورپر پیش کر رہا ہے۔
توسیع پسندی کا ذکر کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک طرح سے دیوانگی ہے اور اس سے اٹھارہویں صدی کی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ آج پوری دنیا توسیع پسندانہ قوتوں سے پریشان ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت اس سوچ کے خلاف ایک مضبوط آواز بن رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتکی حکمتِ عملی بالکل واضح ہے، کیونکہ وہ مفاہمت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور دوسروں کو بھی اِس پر چلنے کی تلقین کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نےہمیں آزمانے کی کوشش کی تو اُسے کرارا جواب ملے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ اُس کے پاس مناسب جواب دینے کے لیے طاقت اور سیاسی عزم بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجی طاقت سے مشکلات پر قابو پانے کی اُس کی صلاحیت میں کئی گُنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت آج دہشت گردوں اور اُن کے آقاﺅں کو اُن کے گھر میں گھُس کر ہلاک کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتنے لونگے والا میں زبردست بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور جب کبھی بھی فوجیوں کی شاندارکارکردگی کی تاریخ لکھی یا پڑھی جائے گی، تو اس لڑائی کو یاد کیا جائے گا۔ فوجیوں کےکنبوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کی دیوالی اُسی وقت پوری ہوتی ہے، جب وہ اسے فوجیوں کے ساتھ مناتے ہیں۔