جرمنی میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا متاثرین کا نیا یومیہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7,830 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ روز کی نسبت 500 زیادہ ہیں۔ وبا کی پہلی لہر کے دوران رواں برس مارچ کے اواخر میں زیادہ سے زیادہ 6300 کیسز سامنے آئے تھے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جرمنی میں اب تک 356,387 شہری کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9,767 ہو چکی ہے۔ جرمنی کی وفاقی حکومت نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن کا ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ چانسلر میرکل نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورت حال قابو میں نہ آئی تو حکومت کو مزید سخت اقدامات اختیار کرنا پڑ سکتے ہیں۔