مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر موہن یادو ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ آج منعقدہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں انہیں متفقہ طور پر اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔
لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں سینئر بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان نے موہن یادو کا نام لیجسلیچر پارٹی کے نئے لیڈر کے طور پر تجویز کیا۔ سینئر لیڈر نریندر سنگھ تومر، کیلاش وجے ورگیہ، پرہلاد پٹیل اور دیگر سینئر لیڈروں نے اس تجویز کی حمایت کی۔ میٹنگ کے بعد پارٹی ایم ایل ایز سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وہ پارٹی کے چھوٹے کارکن ہیں اور اس ذمہ داری کے لیے وہ مرکزی اور ریاستی لیڈروں کے شکر گزار ہیں۔
سینئر لیڈران اور موجودہ حکومت میں وزیر خزانہ جگدیش دیورا اور تعلقات عامہ کے وزیر راجندر شکلا کو بھی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو اسمبلی اسپیکر کی ذمہ داری دی جائے گی۔
مدھیہ پردیش کے سبکدوش ہونے والے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے بی جے پی کے سینئر لیڈروں جگدیش دیورا اور راجندر شکلا کو نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر نامزد ہونے پر سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مبارکباد دی ہے۔ مسٹر چوہان نے سابق مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر نامزدگی کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان قائدین کے بھرپور تجربے سے ریاست کے ترقیاتی اور عوامی بہبود کے کاموں کو مزید رفتار ملے گی۔