بھارت نے جمعہ کو پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج درج کرایا ہے۔ وزارت خارجہ نے پاکستان کے ہائی کمیشن میں ناظم الامور کو طلب کیا اور اسمہینے کی 13 تاریخ کو جموں و کشمیر میں LOC سے متصل کئی سیکٹروں میں پاکستانی فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج درج کرایا۔ اس بلااشتعال فائرنگ کی خلاف ورزی کے نتیجے میں چار معصوم افراد ہلاک اور 19 دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستانی فوجیوں کی جانب سے معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

اور یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں پر توپوں اور مورٹار سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا اور انتہائی منظم ڈھنگ سے فائرنگ کے ذریعے جموں و کشمیر میں امن کو برباد کرنےاور تشدد کو ہوا دینے کے لیے بھارت میں تہوار کے موقع کو ہی چنا۔ بھارت نے اپنے علاقےمیں سرحد پار سے دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کی مسلسل مدد کرنے کے لئے بھی پاکستان سے سخت احتجاج کیا ہے۔