ShriRamTeerth@

اترپردیش کے شہر ایودھیا میں پیر کے روز رام مندر کے شاندار آغاز کی تقریبات کے لیے سبھی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔شری رام جنم بھومی احاطے میں پران پرتشٹھا یا رام للا کی مورتی نصب کیے جانے کی رسوم کل ایودھیا میں شروع ہوگئیں۔کل پراشچِت کی رسم کے بعد آج مندر کے احاطے میں مورتی لے جائے جانے کی رسم ادا کی جائے گی۔ یہ رسوم اتوار تک جاری رہیں گی اور اس کے اگلے روز رام للا کی عظیم الشان پران پرتشٹھا کی تقریب دوپہر بارہ بج کر بیس منٹ پر منعقد ہوگی۔آج بھگوان رام کی مورتی کو مندر کے احاطے میں داخلے کی رسم کے مطابق احاطے میں داخل کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ گندھ نواس ، اوشدھی نواس، جل یاترا سمیت کئی رسمیں 21 جنوری تک یومیہ بنیاد پر نبھائی جائیں گی۔ کل ایودھیا کے رام گھاٹ محلہ میں موجود وویک سرشٹی آشرم کے پریاسچت اور کرم کٹی پوجن کیاگیا، جو تقریباً 45 منٹ تک چلا۔ یہ پوجن مورتی بنانے کے دوران ہتھوڑی، چھینی یا دیگر اوزاروں سے مورتی کو ہوئی تکلیف کے تدارک کے لئے کیا گیا جس میں بارہا مورتی سے معافی طلب کی گئی۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے ممبر ڈاکٹر انل مشرا اور ان کی بیگم ان ساری رسموں کے دوران یجمان کے طور پر موجود رہیں گے۔