اقوام متحدہ نے اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا ہے کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران قدرتی آفات کی تعداد اس سے پہلے کی دو دہائیوں کے مقابلے میں دوگنا ہو گئی ہے۔ قدرتی آفات پر نگاہ رکھنے والے ‘ڈيزاسٹر رسک ریڈکشن‘ کے دفتر سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن 2000 سے لے کر سن 2019 تک 7,348 قدرتی آفات ريکارڈ کی گئيں۔ جبکہ سن 1980 سے لے کر سن 1999 تک 4,212 قدرتی آفات ريکارڈ کی گئی تھیں۔ قدرتی آفات میں اس اضافے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔