انسانی صورتحال کے لیے اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ میں انسانی بحران پیدا کرنے پر اسرائیلی فورسز پر کڑی تنقید کی ہے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور و رابطہ کار برائے ہنگامی امداد، مارٹن گریفتھس نے 7 اکتوبر کے خوفناک حملوں کے تقریباً تین ماہ بعد غزہ کو ’’موت اور مایوسی کا مقام‘‘ قرار دیا۔ اُن کا یہ بیان جمعہ کو جاری کیا گیا۔
گریفتھس نے کہا کہ اُن علاقوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے جہاں شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے نقل مکانی کرنے کا کہا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز کہا کہ اِس نے حماس کے 100 سے زائد ٹھکانوں پر حملہ کیا، جن میں کمانڈ پوسٹیں اور ہتھیاروں کے ڈپو شامل ہیں۔ جنوبی شہر خان یونس میں حماس کے عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن کی خبر کے مطابق وسطی علاقے میں بھی شدید جنگ جاری ہے۔
جمعہ کے روز غزہ میں صحت کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 162 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد محصور علاقے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22,600 ہو گئی ہے۔