General Assembly adopts resolution on Protection of Civilians and Upholding Legal and Humanitarian Obligations in Gaza.

سرائیل نے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی اپیل سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار داد کو مسترد کردیا ہے اور اس بات کا عہد کیا ہے کہ وہ اپنا دفاع کرنا جاری رکھے گا۔ اسرائیل کے اقوام متحدہ کے سفیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی اب ذرا بھی قانونی حیثیت یا افادیت نہیں رہ گئی ہے۔ اس بات کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ ان کا ملک حماس سے مقابلہ کرنے کی خاطر ہر طریقہ استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقوام متحدہ اور انسانیت کیلئے ایک سیاہ دن ہے۔ اِس سے قبل جمعہ کے روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے اسرائیل اور حماس کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔ اِس قرارداد کے حق  میں 120 جبکہ اس کے خلاف 14 ووٹ ڈالے گئے تھے اور 45 غیرحاضر تھے۔ عرب گروپ کی ایماں پر اردن کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں فلسطینیوں اور اسرائیلوں شہریوں کے خلاف تشدد کی سبھی کارروائیوں کی مذمت بھی کی گئی تھی۔ امریکہ نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا تھا لیکن اُس نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے وقفے پر روکنے کیلئے کہا تھا۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ اپنی کارروائیوں کا دائرہ بڑھا رہا ہے اور غزہ خطے میں اُس کے حملے تیز ہوگئے ہیں۔