اسرائیل- حماس جنگ شروع ہونے کے بعد سے پہلی مرتبہ امدادی سامان کے ساتھ ٹرک غزہ کے علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔ یہ ٹرک رفاہ کے سرحدی راستے سے مصر سے غزہ میں پہنچے ہیں۔ اِس لڑائی کے دوران رفاہ کراسنگ کو نقصان پہنچا تھا۔ اِس کی وجہ سے انسانی ہمدردی کا راحت کا سامان پہنچنے میں تاخیر ہوئی، جس کی غزہ کے لوگوں کو ضرورت ہے۔عالمی صحت تنظیم WHO نے کہا ہے کہ وہ اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے مصر اور فلسطین کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے کہ طبی رسد، غزہ کے اسپتالوں میں پہنچے۔ جو ٹرک غزہ میں داخل ہوئے ہیں، اُن میں سے ایک ٹرک میں صرف تابوت ہی لدے ہوئے تھے۔

دیگر ٹرکوں میں دوائیں اور دیگر امدادی سامان وہاں بھیجا گیا ہے۔اُدھر اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی نے کہا ہے کہ رفاہ سرحدی راستے کے ذریعے جو امدادی قافلہ غزہ میں گیا ہے، وہ غزہ کے لوگوں کو درکار امداد کے سمندر میں ایک قطرے کی مانند ہے۔اِدھر اسرائیل نے بھی مصر سے جنوبی کراسنگ کے راستے غزہ میں خوراک، پانی اور دواؤں کے ساتھ تقریباً 20 ٹرکوں کو جانے کی اجازت دینے سے اتفاق کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ درکار فوری امداد بہم پہنچانے کیلئے کم سے کم ایک سو ٹرک امداد کی ضرورت ہے۔ اِس سے پہلے دو ہفتے قبل اسرائیل پر اپنے اچانک حملے کے بعد سے پہلی بار حماس نے کچھ یرغمالیوں کو چھوڑا ہے۔