
اے زیڈ نواب / پٹنہ
بہار کی سیاست میں جمعرات کا دن ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا، جب نتیش کمار نے ریکارڈ دسویں مرتبہ وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد ہونے والی اس پُروقار تقریب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ, بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا, متعدد مرکزی وزراء اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ تقریب نے حکمران اتحاد این ڈی اے کی مضبوطی اور سیاسی استحکام کا واضح پیغام دیا۔
نتیش کمار کے بعد سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا نے بطور نائب وزیرِ اعلیٰ حلف لیا۔ ان کے علاوہ 24 دیگر وزراء نے بھی مختلف مراحل میں حلف لیا—جن میں جے ڈی یو کے 8، بی جے پی کے 14، ایل جے پی (رام ولاس) کے 2 اور ہم-ایس (HAM-S) اور آر ایل ایم (RLM) کے ایک ایک وزیر شامل ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ نو کابینی نشستیں بعد میں پُر کی جائیں گی۔
ابتدائی بیچ میں سابق کابینہ کے چھ سینئر وزراء نے حلف لیا۔ ان میں وجے کمار چودھری، بیجندر پرساد یادو، شروان کمار، منگل پانڈے، دلیپ کمار جیسوال اور اشوک چودھری شامل تھے۔
نئے کابینہ میں جہاں کئی پرانے چہروں کو برقرار رکھا گیا ہے، وہیں کچھ نئے چہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کابینہ میں واحد مسلم وزیر جما خان بھی موجود ہیں۔ نئے وزراء میں رام کرپل یادو، شریاشی سنگھ، رما نشاد، سنجے سنگھ ٹائیگر، ارون شنکر پرساد، لکھندر پرساد روشن، نارائن پرساد، سنجے کمار، سنجے کمار سنگھ (دونوں ایل جے پی–آر) اور دیپک پرکاش (آر ایل ایم) شامل ہیں۔
دیپک پرکاش سابق مرکزی وزیر اوپندر کشواہا کے فرزند ہیں۔ وہ نہ بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں اور نہ ہی قانون ساز کونسل کے۔ امکان ہے کہ انہیں جلد ہی قانون ساز کونسل بھیجا جائے گا۔ ہم-ایس کی جانب سے واحد نشست سنتوش کمار سمن کو ملی ہے، جو سابق نتیش کابینہ میں بھی وزیر رہے ہیں۔
نتیش کمار کی کابینہ میں اس بار صرف تین خواتین شامل ہیں—سابق وزیر لیسی سنگھ، اور نئی وزراء شریاشی سنگھ اور رما نشاد۔ رما نشاد اورئی حلقے سے پہلی مرتبہ منتخب ہونے والی ایم ایل اے ہیں۔
تمام وزراء نے گورنر عارف محمد خان کے ہاتھوں عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد سب سے پہلے سمراٹ چودھری اور وجے سنہا نے حلف لیا، جس کے بعد منگل پانڈے، وجے کمار چودھری، شروان کمار، بیجندر یادو، دلیپ جیسوال اور اشوک چودھری نے حلف لیا۔ تقریب میں ہزاروں کارکنان اور شہری موجود رہے، جس سے نئی حکومت کے لیے بھرپور جوش و خروش دیکھا گیا۔
جے ڈی یو کے رکنِ اسمبلی زمان خان
نے وزارت کا حلف لیا، جبکہ بی جے پی کے کوٹے سے سنجے سنگھ ٹائیگر اور رما نشاد نے حلف لیا۔ دیگر وزراء میں لیسی سنگھ، نیتن نوین، مدن سہنی، رام کرپل یادو اور سنیل کمار شامل ہیں۔ تقریب نے نتیش کمار اور این ڈی اے کی مرکزی قیادت کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کو واضح کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نتیش کمار کو مبارکباد دیتے ہوئے بہار کی ترقی کے لیے مرکز کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ذرائع کے مطابق نئی حکومت تعلیم، صحت، زراعت، انفراسٹرکچر اور روزگار جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دے گی۔
سیاسی ہلچل اور اتحاد کے اندر اتار چڑھاؤ کے بعد یہ حلف برداری بہار میں ایک مستحکم، مضبوط اور متحد حکومت کے قیام کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ جلد ہی کابینہ میں محکموں کی تقسیم اور آئندہ توسیع کا اعلان متوقع ہے۔
