ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 1000 سے متجاوز، کیرالا، مہاراشٹر اور دہلی سر فہرست

نئی دہلی (نمائندہ خصوصی): کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ ہفتے کے دوران 99 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 1,009 فعال مریض موجود ہیں، جس سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق، کیرالا میں سب سے زیادہ 430، مہاراشٹر میں 209 اور دہلی میں 104 فعال کیسز ہیں۔ صرف ایک ہفتے میں دہلی کے کیسز میں چار گنا اضافہ ہوا، جہاں 19 مئی کو صرف 24 کیسز موجود تھے۔

“کورونا کی یہ نئی لہر اگرچہ محدود ہے، لیکن غفلت کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ احتیاط، ٹیسٹنگ، ویکسی نیشن اور اسپتالوں کی تیاری — چاروں عناصر پر زور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”

وزارت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مہاراشٹر (+153)، کیرالا (+355) اور دہلی (+24) میں فعال مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مہاراشٹر میں 4 اور کرناٹک میں 1 نئی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ کئی ریاستوں میں نئے کیسز بھی سامنے آئے، جن میں گجرات (76)، کرناٹک (34)، راجستھان (11)، تمل ناڈو (3) اور دیگر شامل ہیں۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کے روز بیان دیا کہ حکومت مکمل طور پر صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اور تمام اسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “تمام اسپتالوں میں سہولیات دستیاب ہیں اور ہم ہر ممکن اقدام کریں گے۔”