این ڈی اے کے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ بھارت کے چودہویں نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔ آج ہوئے انتخابات میں انھوں نے اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ اَلوا کے مقابلے 346 ووٹ زیادہ حاصل کئے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے نائب صدر کے انتخابات کیلئے ریٹرننگ آفیسر اور لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ نے بتایا کہ ممبران پارلیمنٹ کے 780 ووٹوں میں سے جگدیپ دھنکھڑ کو 528 ووٹ ملے جبکہ مارگریٹ الوا 182 ووٹ ہی حاصل کرسکیں۔ انھوں نے بتایا کہ پندرہ ووٹ اِن ویلڈ قرار دیئے گئے۔جنتا دَل یونائیٹڈ، YSRCP، بی ایس پی، AIADMK اور TDP جیسی علاقائی پارٹیوں نے NDA کے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ کی حمایت کی۔UPA کے اتحادیوں، عام آدمی پارٹی، TRS اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے انتخابات میں محترمہ اَلوا کی حمایت کی۔ دوسری طرف کُل ہند ترنمول کانگریس نے نائب صدر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔نائب صدر راجیہ سبھا کے صدر نشیں بھی ہوتے ہیں۔ موجودہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی عہدے مدت اِس ماہ کی دس تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔ اِس سے قبل آج صبح جب ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہوا تو وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزرا امت شاہ، راجناتھ سنگھ اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ووٹ ڈالنے والے اوّلین ممبران میں شامل تھے۔ دیگر ممبران کے علاوہ BJP کے صدر جے پی نڈّا، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، مرکزی وزراءانوراگ سنگھ ٹھاکر، نرملا سیتا رمن، نتن گڈکری، ڈاکٹر ایس جے شنکر، پیوش گوئل، گجیندر سنگھ شیخاوت، بھوپیندر یادو، دھرمیندر پردھان اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی اپنے اپنے ووٹ ڈالے